مہنگی بجلی کا سستا علاج،سولر پینل کی فراہمی سےعوام کو ریلیف ملے گا:مریم نواز
لاہور(سٹاف رپورٹر)مہنگی بجلی کا سستا علاج ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کو بجلی بلوں سے مستقل ریلیف کا وعدہ پوراکرتے ہوئے وزیر اعلیٰ فری سولر پینل سکیم کاآغازکردیا۔10 ارب سے 1لاکھ گھروں کو مفت سولر پینل ملیں گے ۔ایک ہی بجلی میٹر پر اوسطاً 200یونٹ تک بجلی استعمال کرنیوالے گھروں کو سولر سسٹم مل سکیں گے ۔
پنجاب میں 550 اور1100واٹس کے 1لاکھ سولر پینل سسٹم دئیے جائینگے ۔ جون2024 میں 200 یونٹس تک کے صارفین کوسولر سسٹم بذریعہ قرعہ اندازی ملیں گے ۔کامیاب صارفین کے گھروں پر سولر پینل سسٹم نصب کئے جائینگے ۔ سی ایم پنجاب سولر سسٹم کیلئے رجسٹریشن گھر بیٹھے پورٹل سے کی جا سکے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ سولر پینل فراہمی سے عوام کو بجلی کے بلوں میں خاطرخواہ ریلیف ملے گا۔پنجاب کو قابل تجدیدانرجی کا ہب بنائیں گے ۔زرعی ٹیوب ویلز کو بھی بتدریج سولر انرجی پر منتقل کیا جائے گا۔ طلبہ کو ایک لاکھ ای بائیک اور ای بسیں آنے سے روایتی ٹرانسپورٹ کلچر تبدیل ہوگا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے یوم حق خود ارادیت پر پیغام میں کہاہے کہ مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو سلام پیش کرتے ہیں،اقوام متحدہ 5 جنوری 1949 کو قراردادکیمطابق کشمیریوں کا حق خودارادیت تسلیم کرائے ، کشمیری بہن بھائی کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، پاکستان کشمیر کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔ حکومت کشمیر کاز کو ہرمتعلقہ فورم پر اجاگر کررہی ہے ، عالمی برادری کشمیری عوام کو جائز حق دلانے میں کردار ادا کرے ۔ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ،کشمیری عوام کی جدوجہد ہماری اپنی جدوجہد ہے ۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کی آزادی کا سورج آب وتاب سے طلوع ہوگا۔