ڈالر کی پیش قدمی جاری ،تولہ سونا 700روپے سستا
کراچی(بزنس ڈیسک)درآمدی و بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کے سبب زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں پیر کو اتارچڑھاؤ کے باوجود ڈالر کی پیش قدمی جاری رہی جس سے ڈالر کے اوپن ریٹ ایک بار پھر 280روپے کی سطح پر آگئے۔۔
ادھرعالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر6پیسے کے اضافے سے 278.62روپے پر جاپہنچا ۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر14پیسے کے اضافے سے 280روپے پر جاپہنچا۔دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونا 7 ڈالر کی کمی سے 2632 ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 700 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 75 ہزار روپے کا ہوگیا ۔اسی طرح دس گرام سونا 600 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 35 ہزار 768 روپے پر آگیا۔یاد رہے کہ ہفتہ کو سونے کی فی تولہ قیمت 1200 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 75 ہزار 700 روپے ہوگئی تھی۔