اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کا منفی آغاز،30ارب خسارہ
کراچی (آن لائن)اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کاآغاز منفی زون میں ہوا۔کے ایس ای 100انڈیکس 1331پوائنٹس کی کمی سے 1 لاکھ 16 ہزار255پوائنٹس پر بند ہوا۔۔
اس دوران سرمایہ کاروں کو 30ارب روپے کاخسارہ ہوا جب کہ 63فیصدحصص کی قیمتیں بھی گرگئیں ۔تفصیلات کے مطابق پیرکومارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ ایک موقع پر بینچ مارک انڈیکس ایک لاکھ 18 ہزار 765 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر جاپہنچاتھا تاہم جلد ہی مارکیٹ میں فروخت کا رجحان غالب آگیا۔ کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز اور بجلی کی پیداوار سمیت اہم شعبوں میں فروخت کا دباؤ دیکھا گیا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 30 انڈیکس 461پوائنٹس کی کمی سے 36ہزار603پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 72ہزار843پوائنٹس سے کم ہو کر 71ہزار973پوائنٹس پربندہوا۔پیر کو 38ارب روپے مالیت کے 81 کروڑ 98لاکھ5ہزارحصص کے سودے ہوئے جبکہ گزشتہ جمعہ کو 39ارب روپے مالیت کے 93 کروڑ 57 لاکھ 83 ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔ مجموعی طور پر 458 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 113کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 291 میں کمی اور54کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبارکے لحاظ سے سنر جیکو پاک ،فوجی فوڈز لمیٹڈ،ورلڈ کال ٹیلی کام،فاسٹ کیبل لمیٹڈ اور کے الیکٹرک لمیٹڈ سر فہرست رہے ۔