قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹر صائم ایوب علاج کیلئے لندن روانہ
لاہور(سپورٹس ڈیسک )قومی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر صائم ایوب علاج کے لیے کیپ ٹاؤن سے لندن روانہ ہو گئے ۔اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی صائم ایوب کے ہمراہ ہیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر انگلینڈ کے ماہرینِ اسپورٹس آرتھو ڈاکٹر کل صائم ایوب کا چیک اپ کریں گے ۔اس سے قبل محسن نقوی اور صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے صائم ایوب کو فون کر کے ان کی خیریت بھی معلوم کی تھی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔واضح رہے کہ پاکستان کے اوپنر صائم ایوب دائیں ٹخنے میں فریکچر کے سبب 6 ہفتے تک کرکٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔صائم ایوب کو یہ فریکچر جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن فیلڈنگ کرتے ہوئے ہوا تھا۔