بانی پی ٹی آئی سے منسلک لوگ کسی بھی حد تک جاسکتے ، رانا ثنا
اسلام آباد (نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں )وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے منسلک لوگ کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔
جس جماعت میں لوگ ایک دوسرے کے خلاف سازشیں کررہے ہوں ان سے کیا توقع رکھیں، یہ لوگ آپس میں بھی لڑتے ہیں اور دوسری جماعتوں سے بھی لڑرہے ہوتے ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے منسلک لوگ کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں، جان بوجھ کر عمران خان پر ظلم کی باتیں کی گئیں اور جان بوجھ کر پروپیگنڈاکیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سب کو یاد ہوگا کہ علیمہ خان نے ایک بار کہا تھا کہ عمران خان کو جیل میں زہر دینے کی بات ہورہی ہے ، اسی ویڈیو میں وہ عمران خان کے جیل میں ہونے سے سیاسی مفادات کا تذکرہ بھی کررہی ہیں کہ ان کے جیل میں رہنے سے ہمیں کتنا فائدہ پہنچے گا۔
وزیراعظم کے مشیر نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل مینوئل کے مطابق تمام سہولیات میسر ہیں اور پی ٹی آئی کے جھوٹے دعوؤں کی حکومت ماضی میں بھی تردید کرتی رہی ہے ۔لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے کہیں سے کوئی دباؤ نہیں ، بس صرف ان کے زبانی کلامی بیانات کا ہی پریشر ہے ۔مسلم لیگ (ن)کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اگر حکومت بے اختیار ہے تو کمیٹی کیوں بنائی، تین چار ماہ کی حکومت کے ساتھ مذاکرات کیوں کرتے ہو؟۔ ٹی وی سے گفتگو کے دوران سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ اگر حکومت بے اختیار ہے تو کمیٹی کیوں بنائی، تین چار ماہ کی حکومت کے ساتھ مذاکرات کیوں کرتے ہو؟۔عرفان صدیقی نے کہا کہ مذاکرات پی ٹی آئی کی خواہش پر شروع کئے گئے ، 5 دسمبر کو کمیٹی بنادی، ایک مہینہ ہوچکا مطالبات کو حتمی شکل نہیں دے پارہے ، اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ معاملات ٹھیک کرنا ہمارا کام ہے۔