بجلی قیمت میں کمی عید کا تحفہ،وزیراعظم نے عوام دوستی کا ثبوت دیا:مریم نواز
لاہور(اپنے نامہ نگا رسے ، نیو ز ایجنسیاں) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے صدر مسلم لیگ (ن)نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور انکی ٹیم کو بجلی کی قیمتوں میں تاریخی کمی پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔
مریم نواز نے کہا پنجاب حکومت وزیرِاعظم شہباز شریف کے اس تاریخی فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے ۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی نواز شریف اقتدار میں آئے ، ملک کو بحرانوں سے نکالا، عوام کو حقیقی ریلیف دیا۔عید پربجلی نرخوں میں کمی قوم کیلئے قابل قدر تحفہ ہے ۔ گھریلو صارفین کیلئے 7.41 روپے فی یونٹ اور صنعتوں کیلئے 7.59 روپے فی یونٹ کمی مہنگائی سے ستائے عوام کیلئے بہت بڑی معاشی سہولت ہے ۔ وزیراعظم نے نرخوں میں نمایاں کمی سے عوام دوستی اوردور اندیشی کا ثبوت دیا ، بجلی نرخوں میں کمی ملکی معیشت اور صنعتوں کے فروغ کیلئے بھی سنگ میل ثابت ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا مسلم لیگ(ن )عوام کو ریلیف دینے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے سرگرم ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف نواز شریف کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ دریں اثناپنجاب میں اپنی نوعیت کے پہلے اور منفردسہولت آن دی گوبازار قائم کیے جائینگے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سہولت آن دی گوبازار پراجیکٹ کی اصولی منظوری دیدی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں سہولت آن دی گوبارے بریفنگ دی گئی ۔ مریم نواز نے لاہور میں 14مقامات پرسہولت آن دی گوبازار پائلٹ پراجیکٹ کیلئے پلان طلب کر لیا،وزیراعلیٰ نے پائلٹ پراجیکٹ کیلئے چار ماہ کا ہدف مقررکردیا ، پراجیکٹ کے تحت 816 سٹال بنائے جائینگے ۔ سہولت آن دی گوبازار کیلئے روڈ کے اطراف میں سرکاری اراضی استعمال کی جائیگی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہسہولت آن دی گوبازار ملتان روڈ،ہنجروال، مانگا منڈی، رائیونڈ، جی ون مارکیٹ، فیصل ٹاؤن، مون مارکیٹ اور بیدیاں روڈ پر قائم ہونگے ۔ ای ملت روڈ، گلشن راوی، شاہدرہ، شادمان اور سنگھ پورہ بھی شامل ہیں۔ سہولت آن دی گو بازار میں روڈزکے اطراف میں یکساں طرز کے کاٹیج ٹاپ شاپس پر اشیائے خورونوش دستیاب ہونگی، صاف ستھرا ماحول اور سکیورٹی کا خاص اہتمام کیا جائے گا۔ اجلاس میں پنجاب کی ہر تحصیل میں سہولت آن دی گوپراجیکٹ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کو پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین افضل کھوکھر نے ماڈل بازار پر رپورٹ پیش کی۔ وزیراعلیٰ نے رمضان میں لگنے والے ماڈل بازاروں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او نوید رفاقت نے پراجیکٹ پر بریفننگ دی۔ پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال بھی اس موقع پر موجود تھے ۔