پنجاب میں طوفان اور بارش سے تباہی،13جاں بحق،92زخمی،کئی مقامات پر موٹروے بند

پنجاب میں طوفان اور بارش سے تباہی،13جاں بحق،92زخمی،کئی مقامات پر موٹروے بند

لاہور،اسلام آباد،جہلم،ملتان(اپنے کامرس رپورٹر سے ،خصوصی رپورٹر، نمائندگان دنیا،دنیا نیوز،نیوز ایجنسیاں)لاہور سمیت پنجاب میں شدید آندھی ، بارش اور ژالہ باری نے تباہی مچا دی،13افراد جاں بحق، 92زخمی ہو گئے ۔لاہور موسم کی خرابی اور آندھی کے بعد میٹرو اورنج لائن ٹرین بند اور سٹیشنز خالی کروا لیے گئے جبکہ شدید گردوغبار کے باعث موٹرویز کئی مقامات پر بند کردی گئیں۔

ترجمان موٹروے کے مطابق موٹروے ایم تھری کو فیض پور سے درکھانہ تک جبکہ ایم ٹو کو ٹھوکر نیاز بیگ سے کوٹ مومن تک اور سیالکوٹ موٹروے کو بند کیا گیا۔لاہور کے چڑیاگھر کی پارکنگ میں درخت گرگیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، رائیونڈ روڈ، بھوبتیاں چوک کے قریب دیوار گر نے سے 25 سالہ عثمان اور 20 سالہ حسنین زخمی ہوگئے ۔اپرمال میں 2 ،لکشمی چوک ،مغلپورہ ،تاجپورہ اور چوک ناخدا میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ سہ پہر 5 بج کر 8منٹ سے شروع ہونے والی بارش اوسطا ًصفر عشاریہ چار ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔اسی طرح جیل روڈ، ایئر پورٹ ،گلبرگ اور نشتر ٹائون میں ہلکی بارش جبکہ پانی والا تالاب ،فرخ آباد، گلشن راوی، اقبال ٹان ،سمن آباد اور جوہر ٹائون میں شدید بارش سے بجلی کا نظام متاثر ہوا،سی ای اولیسکو رمضان بٹ نے بتایا لیسکو ریجن میں شدید آندھی اور طوفان سے 500 کے وی سسٹم سے بریک ڈاؤن ہوا 2300 فیڈرز بند ہو گئے تاہم انتہائی کم وقت میں خودآپریشن روم سنبھال کر تمام گرڈ چلا دئیے ۔اسلام آباد میں متعدد درخت ٹوٹ گئے جس سے سڑکیں ، گلیاں بند ہو گئیں مو سلا دھار بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔قائد اعظم یونیورسٹی میں ریستوران کی چھت گر گئی۔جہلم میں دیواریں اور درخت گرنے سے خاتون سمیت 3افراد جاں بحق اور10سے زائد زخمی ہوگئے ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق گلفشاں کالونی میں درخت تلے دب کر نوجوان، ویسٹ کالونی میں چھت گرنے سے خاتون ، ڈھوک وہاب دین میں دیوار گرنے سے ہوٹل کا ویٹر جاں بحق ہو گیا ۔

شکرگڑھ میں12سالہ لڑکا ذیشان جمپنگ جھولے پر کھیلتے تیز ہوا سے نیچے گر کر جاں بحق ہوگیا۔کامونکے کے گاؤں تولیکی ورکاں کی 12سالہ لڑکی مومنہ پر پختہ اینٹوں کا شیڈ گر گیا ، لڑکی کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی۔شیخوپورہ میں فیکٹری کی چھت گرنے سے صادق آباد کے گاؤں کا رہائشی مزدور شہزاد جاں بحق 5افراد مبشر ،شیرخان،عمران،عرفان اور بوٹاشدید زخمی ہوگئے ۔کوٹ عبدالمالک میں 40سالہ سلمیٰ بی بی دیوار گرنے سے زخمی ہوگئی۔ننکانہ میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا ۔سیالکوٹ کے علاقوں میں شدید آندھی کے دوران حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے ۔اٹک میں کچے مکان کی چھت اور دیوار گرنے سے 3 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے ۔گوجرانوالہ میں 8افراد زخمی ہوئے ، دھلے میں مسجد کی دیوار گرنے سے قمر ،عبداللہ اور ریحان ، سیٹلائیٹ ٹاؤن مارکیٹ میں سائن بورڈ گرنے سے 2 خواتین ، بٹرانوالی میں گھر کی چھت گرنے سے 2 افراد، جنڈیالہ ڈھاب والا میں درخت گرنے عرفان زخمی ہو گیا۔وزیر آباد میں طوفان سے درخت، دیواریں اور بجلی کے کھمبے گرگئے ، محلہ شیرو میں طوفان پربجلی کا کھمبا کار اور پک اپ پر گر گیا،ہائی وولٹیج تاریں ٹوٹ گئیں۔سرگودھا میں شدید بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا،چونیاں، پیر محل اور اطراف میں متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے ۔ ملتان، خانیوال، وہاڑی اور ساہیوال سرکلز میں بھی فیڈرز ٹرپ کرگئے ، شدید آندھی سے باغات کو بھی نقصان پہنچا ، بڑی تعداد میں آم گر گئے ۔

لودھراں میں تیز آندھی پرمکئی کی فصل میں آگ لگ گئی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ اور ریسکیو کو الرٹ رہنے کا حکم دے دیا،وزیراعلیٰ نے راولپنڈی میں واسا افسروں کو خود فیلڈ میں پہنچنے کاحکم دیتے ہوئے کہا پانی کا نکاس یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔محکمہ مو سمیات کے مطابق آئندہ 24سے 36 گھنٹے کے دوران آند ھی، گرج چمک ، ژالہ باری اورموسلادھار بارش سے کمزور انفراسٹرکچر (بجلی کے کھمبے ، درخت، گاڑیاں، سولر پینل وغیرہ)کو نقصان کا اندیشہ ہے ۔گزشتہ 24گھنٹے کے دوران سب سے زیادہ بارش اٹک میں 48، اسلام آباد(سٹی 38، گولڑہ 13)، راولپنڈی (شمس آباد 36، چکلالہ 20)جوہرآباد 16، منگلا 14، چکوال 12، مری 11، جہلم 7، منڈی بہائوالدین 7، سیالکوٹ 5، شیخوپورہ، گوجرانوالہ2، گجرات ایک ، مالم جبہ 21، سیدو شریف 14، کاکول 8، لوئر دیر 5، تخت بھائی ایک، کوٹلی 13، راولاکوٹ 12، گڑھی دوپٹہ2، لسبیلہ 5، بار خان اور سبی میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ہفتہ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کے مطابق جیکب آباد میں درجہ حرارت 50،سبی49، دادو ، موہنجوداڑو، روہڑی ،لاڑکانہ اور شہید بینظیر آباد میں 47ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ 

لاہور،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی سے لاہور پہنچنے والی پرواز شدید طوفان کے باعث خوفناک حادثے سے بال بال بچ گئی۔نجی ایئرلائن کی پرواز کئی منٹ تک آندھی کی زد میں رہی اور طیارے کو شدید جھٹکے لگے ۔خوف سے مسافر چیختے رہے تاہم پائلٹ نے بڑی مہارت سے طیارے کو واپس اڑایا جبکہ ایئر ٹریفک کنٹرول نے طیارے کو کراچی واپس بھیج دیا۔سابق وفاقی وزیر اسد عمر بھی طیارے میں سوار تھے ۔علاوہ ازیں اسلام آباد سے لاہور آنیوالی پرواز بھی کراچی منتقل کر دی گئی ، شدید طوفان پر کراچی کی دو پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں