ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے میں10گنا تک اضافہ:مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ

ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے میں10گنا تک اضافہ:مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ

لاہور (کرائم رپورٹر،اے پی پی) پنجاب میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ10گنا تک بڑھانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ پر والد ذمہ دار قرار اور مقدمہ بھی درج ہوگا۔

 گاڑی سے باہرخطرناک انداز سے لٹکتے سریا وغیرہ  پر گاڑی بند کردی جائے گی اور ون ویلنگ یا خطرناک طرزکی ڈرائیونگ پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔ بڑی سڑکوں کے اطراف میں سامان سے لدی ٹرالیاں کھڑی کرنے پر پابندی لگانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ خراب یا بند ہیڈ لائٹسں کے ساتھ ڈرائیونگ پر سخت کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے لاہور میں بیدیاں اور دیگر روڈز پر ٹریفک کی روانی میں رکاوٹیں فوری دور کرنے کا حکم دیا اور ٹریفک چالان کے ساتھ ویڈیو اور تصویری ثبوت منسلک کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ٹریفک پولیس کا یونیفارم تبدیل کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ٹریفک پولیس کی پانچ کیٹگریز بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیاجس کے تحت انفورسمنٹ آفیسر، ٹریفک ریگولیٹر، ایجوکیشن لائسنسنگ اور پبلک سروس آفیسر کی کیٹیگری بنائی جائے گی۔ شفافیت کیلئے ٹریفک وارڈن ان کیمرہ ٹریفک چالان کریں گے ۔

اس موقع پر پنجاب کے 372 اور لاہور کے 77 پوائنٹس کی ری ماڈلنگ پر غور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ٹریفک جام کی پیشگی نشاندہی کے لئے روڈ سائیڈ ڈیجیٹل سکرین لگانے کا حکم بھی دیا۔ اجلاس میں دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر بھاری جرمانہ عائد کرنے پر اصولی اتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے ٹریفک پولیس کو جدید پٹرول وہیکل اور جدید ترین آلات دینے کی منظوری بھی دیدی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ٹریفک کے نظام میں بہتری نظر نہیں آرہی ، ٹھوس اور پائیدار اقدامات کرنے ہوں گے ۔ٹریفک حادثات کے وقوع پذیر ہونے سے پہلے موثر اقدامات ہی کامیابی ہیں ۔ خود نکل کر شہر کے مختلف سڑکوں پر ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لیتی ہوں۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے شاہ پور کانجراں میں ملک کی سب سے بڑی ماڈل کیٹل مارکیٹ کا افتتاح کردیا ۔

انہوں نے کیٹل مارکیٹ کا دورہ کیا اور دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ کو پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کیٹل مارکیٹ میں 25 ہزار بڑے اور ڈیڑھ لاکھ چھوٹے جانوروں کی گنجائش ہوگی۔ 74ایکڑ رقبے پر قائم ماڈل کیٹل مارکیٹ میں مویشیوں کیلئے 20 بڑے شیڈ بنائے گئے ہیں۔ پہلی مرتبہ جانوروں کے شیڈ میں پنکھے بھی لگائے گئے ہیں۔ مارکیٹ میں مویشیوں کو وبائی امراض سے بچانے کیلئے قرنطینہ سنٹر بھی بنایا گیا ہے ، بیوپاریوں کیلئے 20 بڑے رہائشی کمرے بھی بنائے گئے ہیں۔ مارکیٹ میں مسجد،واش روم، وٹرنری کلینک،ٹک شاپ، نک اور اے ٹی ایم مشین بھی ہوگی۔پنجاب کی دوسری بڑی ماڈل کیٹل مارکیٹ جھنگ میں بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے جدید دور میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ، برانڈنگ نہ صرف کاروباری ترقی کا مؤثرذریعہ ہے بلکہ قومی ترقی کا ستون بھی ہے ۔ ورلڈ مارکیٹنگ ڈے پراپنے پیغام میں انہوں نے کہا مارکیٹنگ جدید معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں