مریم نواز چکن مہنگا ہونے پر برہم، قیمت کنٹرول کرنے کا حکم
لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب میں چکن کے نرخ بڑھنے پر سخت اظہار برہمی کیا ہے، انہوں نے خصوصی اجلاس میں چکن کے نرخ بڑھنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو چکن کی قیمت کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے عید الاضحی سے قبل ٹماٹر،پیاز، ادرک، لہسن،مرچ اور لیموں کے نرخ پرنظر رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ عید الاضحی سے قبل ضروری سبزیوں کے نرخ بڑھنا قطعاً قابل برداشت نہیں،ذخیرہ اندوزی کر کے سبزیوں کے نرخ بڑھانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی،حکومتی اداروں کی موجودگی کے باوجود چکن کے نرخ بڑھنا قطعی ناقابل قبول ہے ۔وزیراعلیٰ کو سبزیوں، دالوں، آٹا اورروٹی کے نرخ پر بریفنگ دی گئی ،انہوں نے آٹے کے نرخ میں کمی آنے پر روٹی کی قیمت کم کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی اور سبزیوں کی ٹرانسپوٹیشن کے اخراجات کم کرنے کیلئے پلان طلب کر لیا-مریم نوازنے ایگری کلچر ڈیپارٹمنٹ کو بے موسمی سبزیاں اگانے کیلئے اقدامات کی بھی ہدایت کی۔بعدازاں مریم نواز نے یوم تکبیر پر اپنے پیغام میں پاکستانی قوم اورامت مسلمہ کو مبارکباددی اورکہاکہ 27سال گزر گئے مگرآج پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند ہے اورسربلند رہے گا، دشمن پاکستان کی سرزمین کی طرف میلی نظر سے دیکھنے کی جرات نہیں کرسکتا،ایٹمی دھماکے پرامن اورمحفوظ پاکستان کی ضمانت ہیں،پاکستان کا ایٹمی قوت بننا پوری امت مسلمہ کا فخر ہے۔