شہباز شریف دوشنبے پہنچ گئے ،تاجک صدر امام علی سے ملاقات

شہباز شریف دوشنبے پہنچ گئے ،تاجک صدر امام علی سے ملاقات

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف 4ملکی دورے کے آخری مرحلے میں تاجکستان پہنچ گئے اور تاجک صدر امام علی رحمن سے دوطرفہ ملاقات کی ،دونوں رہنماؤں نے مشترکہ تاریخ، ثقافت اور جغرافیہ پر مبنی برادرانہ تعلقات کی توثیق کرتے ہوئے جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور سٹراٹیجک شراکت داری کو ایک نئی سطح تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

انہوں نے سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دینے ، تعلیمی روابط بڑھانے ، ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے ، معلوماتی ٹیکنالوجی میں اشتراک کو آگے بڑھانے اور عوامی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے نئے امکانات کی تلاش پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم آفس سے جاری کردہ بیان کے مطابق تاجکستان کی حکومت کی دعوت پرشہباز شریف گزشتہ روز دوشنبے پہنچے تاکہ 29 سے 31 مئی 2025ء تک ہونے والی بین الاقوامی اعلیٰ سطح کی کانفرنس برائے تحفظ گلیشیئرز میں شرکت کر سکیں۔ دوشنبے پہنچنے پر تاجکستان کے وزیراعظم قاہر رسول زادہ نے ان کا استقبال کیا۔ قصر ملت پہنچنے پر صدر نے وزیراعظم اور ان کے ہمراہ وفد کا خیرمقدم کیا۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تفصیلی اور جامع تبادلہ خیال کیا۔شہبازشریف نے گفتگو میں کہاکہ ہمارا خطہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اور غیر قانونی اقدامات جو 7 مئی 2025 سے جاری ہیں، کا متحمل نہیں ہو سکتا، کیونکہ یہ اقدامات جنگ کے مترادف اور اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔ وزیر اعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے ۔

انہوں نے دہرایا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے ، لیکن اگر چیلنج کیا گیا تو وہ اپنی خودمختاری کا بھرپور دفاع کرے گا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے تنازع کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کو خطے میں پائیدار امن کے لیے کلیدی قرار دیا۔ صدر امام علی رحمن نے کہا کہ وہ پاکستان کے مخلص دوست کی حیثیت سے مئی کے اوائل میں پیش آنے والے واقعات پر شدید فکرمند ہیں اور انہوں نے علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ قبل ازیں آذربائیجان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد تاجکستان روانگی سے قبل لاچین ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 28مئی 1998 کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کئے اور ایٹمی قوت کا حامل ملک بنا، یہ برادر ملک آذربائیجان کی آزادی کا دن بھی ہے ۔ اقوام متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں شہبازشریف کا کہناتھاکہ ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال دنیا کے لئے ان امن دوستوں کے اہم کردار کا اعتراف ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں