ملک میں سیاسی استحکام کیلئے ڈائیلاگ ضروری، شاہد خاقان

ملک میں سیاسی استحکام کیلئے ڈائیلاگ ضروری، شاہد خاقان

کراچی (سٹاف رپورٹر )عوام پاکستان پارٹی کے کنوینر و سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حالیہ جنگ میں پاکستان نے بھارت پر دفاعی برتری حاصل کرلی ہے ، اب مودی حکومت پاکستان پر حملے کا سوچ بھی نہیں سکتی، ملکی ترقی کیلئے ضروری ہے ہم دنیا کے ساتھ تجارتی تعلقات کو وسعت دیں۔

 ملک میں سیاسی استحکام کے لیے ڈائیلاگ ضروری ہیں۔ ہفتہ کو ایوان امن میں ہیومن پیس فورم کے حوالے سے منعقدہ سیمینار بعنوان ساؤتھ ایشیا کے بدلتے حالات اور پاکستان کیلئے نئے چیلنجز سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ آج ہمیں اپنے حالات کا جائزہ لینا ہوگا، مشرقی ہمسایہ سے ہمارا اختلاف ہے ، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ۔ پہلگام واقعہ کو بنیاد بناکر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا ، اس حملے کا پاکستان نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، مودی کے جارحانہ بیانات صرف سیاسی ہیں، چین سمیت دوست ممالک سے تجارتی تعلقات کو وسعت دینا چاہیے ، ٹرمپ حکومت اپنے انداز میں مختلف ممالک سے تعلقات رکھتی ہے ، ہمیں عالمی حالات کو دیکھ کر خارجہ پالیسی بنانا ہوگی۔ اس موقع پر خطاب میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان ہر سال ایک سو بلین ڈالر کا قرضہ لے رہا ہے ، ہر سال 20 بلین ڈالر واپس کرنے ہوتے ہیں، کچھ قرض کی واپسی میں ہمیں عارضی ریلیف مل جاتا ہے ، اس سال میں بجٹ خسارہ 8500 ارب روپے ہوگا، ہر پاکستانی 50 روپے ٹیکس دیتا ہے ۔ مسلح افواج نے بھارت سے جنگ میں کامیابی حاصل کی ہے ،ہمیں تعلیم، صحت ،روزگار، غربت اور معیشت کی بہتری کے لیے جنگ لڑنا اور کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ اس موقع پر ہیومن پیس فورم کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سید شجاعت حسین نے بھی خطاب کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں