عوام کی خدمت ہی مشن، ترقی کے ثمرات پنجاب کے ہر حصے میں پہنچائینگے : مریم نواز
لاہور(دنیانیوز)وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت ہی ہمارا مشن ہے، نوجوانوں کی تعلیم اور مالی خودمختاری میری ترجیحات میں سرفہرست ہے، ترقی کے ثمرات صوبے کے ہر حصے تک پہنچائیں گے۔
ارکان پنجاب اسمبلی محمد احمد خان لغاری اور نعیم اختر خان بھابھہ نے گزشتہ روز وزیراعلیٰ سے ملاقات کی، ملاقات میں جاری فلاحی منصوبوں،عوامی مسائل کے حل اور حلقے کے ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔مریم نواز نے کہاکہ ہم نے مل کر پنجاب کو ایک ماڈل صوبہ بنانا ہے ،انہوں نے نعیم بھابھہ کی درخواست پر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کو تعطیلات کے بعد وہاڑی گرلز کالج میں کلاسز شروع کرنے کی ہدایت کر دی ۔وزیراعلیٰ نے ایم پی اے محمد احمد لغاری کی درخواست پر فورٹ منرو میں واٹر سکیم پراجیکٹ لانے کا حکم بھی دیا ۔مریم نواز نے کہامسلم لیگ ن ایک عوامی جماعت ہے اور اسے عوامی مسائل کا ادراک ہے ،جب بھی مسلم لیگ ن کی حکومت آئی پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ پاکستان کا سرمایہ ہے ،مستقبل میں ملک کی باگ ڈور انہی نوجوانوں نے سنبھالنی ہے ، صوبے میں نوجوانوں کیلئے آگے بڑھنے کے وسیع مواقع موجود ہیں ،نوجوانوں کی تعلیم اور مالی خود مختاری میری اولین ترجیح ہے ،صوبے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جا رہا ہے ۔ارکان پنجاب اسمبلی کا کہناتھاکہ وزیراعلیٰ نے قلیل عرصے میں شفاف گورننس اور انقلابی اقدامات کے ذریعے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ مریم نواز نے والدین کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہاہے کہ زندگی کی کڑی دھوپ میں والدین ٹھنڈی چھاؤں ہوتے ہیں،والدین کی بے لوث محبت میری زندگی کا انمول اثاثہ ہے ،والدین کی اطاعت اللہ تعالیٰ کا حکم،سنت رسولؐ اور مشرقی روایت ہے ۔ والدین کے بغیر گھر صرف اینٹوں کا مکان ہوتا ہے اور والدین میں موجودگی سے معمولی سا کمرہ بھی جنت بن جاتا ہے ۔ان کاکہناتھاکہ میں اپنے والدین کی خدمت اور اطاعت کو شرف سمجھتی ہوں، والدین کی خدمت، عزت واحترام، اطاعت اور دیکھ بھال کو فرض اول سمجھ کر ادا کیجئے ،میں ان والدین کو بھی خراج عقیدت پیش کرتی ہوں جن کے بچوں نے جام شہادت نوش کیا۔