عدلیہ سے کوئی امید نہیں ،احتجاج کا آئینی راستہ استعمال کرینگے:علی امین
راولپنڈی، پشاور، اسلام آباد (خبر نگار ،دنیا نیوز، اپنے نامہ نگار سے )وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کہا ہے ہمیں اب عدلیہ سے کوئی امید نہیں رہی، ہمارے پاس آئینی راستہ ہے وہ احتجاج کا راستہ ہے۔
اپنا حق حاصل کرنے کیلئے تحریک کی طرف جائیں گے ،بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا میری بانی سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے ، ہمیں نظر نہیں آ رہا کہ عمران خان رہا ہوں گے ، ہم احتجاج کا حق رکھتے ہیں، یہ سمجھتے ہیں ڈنڈے کے زور پر ہمیں غلام بنائیں گے تو جان لیں ہم اب ڈنڈے کے مقابلے میں ڈنڈا ماریں گے اور گولیوں کے مقابلے میں گولیاں چلائیں گے ۔ مجھے کوئی گولی ٹھوکے گا تو مجھے بچانے والے اسے گولی ٹھوکیں گے ۔ ہماری تحریک بڑے صبر اور برداشت کے بعد چلے گی۔اگر اس ملک میں انسانی حقوق نہیں ہوں گے تو ہم نکلیں گے ، ہمارا بجٹ آنے والا ہے اس حوالے سے معاشی ٹیم کی ملاقات بجٹ سے پہلے کرائیں گے ، اگر ملاقات نہیں کرائی گئی تو پھر لائحہ عمل طے کریں گے ۔
انہوں نے کہا ہماری صوبے میں حکومت ہے بانی کی ان پٹ بجٹ لازمی ہے ، بانی نے فنڈزانسانی فلاح پر لگانے کا حکم دیا ہے ، ہم نے ویلفیئر پر کام کرنا ہے جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں ان کو اوپر لانا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم جو ممبرز کو فنڈز دیتے تھے اب براہ راست نہیں دیں گے ، اب ممبرز سکیم دیں گے اور ایک کمیٹی اس کی سکروٹنی کے بعد فنڈز منظور کرے گی بانی نے اس کی منظوری دی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اس ملک پر قبضہ کرنے والے اس ملک کو تباہ کررہے ہیں، ہمارے ملک کے بجٹ کی شروعات قرضوں سے ہوتی ہے ، اگر قرضوں پر گھر چلا تو اس کا سودا کردیں گے ۔وزیراعلیٰ کے پی نے کہا اس ملک میں انہوں نے کچھ نہیں چھوڑا، بشریٰ بی بی کی ملاقات بھی بند ہے ، آج تک کسی نے کسی کی بیوی کے ساتھ ایسا نہیں کیا، ہماری پارٹی کی لیڈرشپ جیلوں میں بند ہے ، ہمارے بہت سے ورکر جیلوں میں ہیں، یہ سمجھتے ہیں ہمیں غلام بنالیں گے ۔
گنڈاپور نے کہا بانی نے سب پر ذمہ داری ڈالی ہے اور یہ جہاد ہے جس کو ہم سب مل کر لڑیں گے ،ہم ناامید ہوچکے ہیں، ہم ان فرعونوں کے خلاف آواز اٹھائیں گے ۔ہمارا بجٹ ٹیکس فری بجٹ ہوگا، ٹیکس مزید کم کریں گے ۔وزیراعلیٰ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ پاکستان کیلئے بات کرنے کو تیار ہوں، ایک اسٹیبلشمنٹ ہے اور ایک دھوکا اور فراڈ ہے ، یہ اتنے آرام سے ہتھیار نہیں پھینکیں گے ۔ادھر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے لاہور بار کو 5 کروڑ روپے کا فنڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور صوبائی کابینہ نے فنڈ دینے کی منظوری دی ۔درخواست کے مطابق دوسرے صوبے کی بار ایسوسی ایشن کو فنڈ دینا رشوت کے زمرے میں آتا ہے ، لہٰذا وزیراعلیٰ کو نااہل قرار دیا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر خان نے کہا ہے کہ بانی نے ملاقات کیلئے بلایا تھا لیکن بدقسمتی سے یہاں قانون کی حکمرانی نہیں ملاقات نہیں ہوئی، ایسے رویوں سے سسٹم چلانے والے لوگوں سے نفرتیں مزید بڑھیں گی ،عدالت کے احکامات کے مطابق ہم جیل ملاقات کیلئے آئے ،دن 12 بجے سے ہمیں پولیس ناکوں پر روکا گیا ہے ،میرے ساتھ سپیکر کے پی اسمبلی بابر سلیم سواتی،ث تیمور جھگڑا، مزمل اسلم بھی آئے ۔