چینی فضائیہ سربراہ کا دورہ ایئر ہیڈ کوارٹرز، ایئرچیف سے ملاقات
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل وانگ گینگ کی قیادت میں اعلیٰ سطح دفاعی وفد نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اورسربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات پرباہمی دلچسپی کے مختلف امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے جبکہ فضائی قوت اور آپریشنل ہم آہنگی سے متعلق موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔لیفٹیننٹ جنرل وانگ گینگ کو ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی جدید عسکری تعمیر، تزویراتی اقدامات اور جدید جنگی حکمت عملی پرجامع بریفنگ دی ۔جنرل وانگ نے بھرپور آپریشنل تیاریوں اور پاک فضائیہ کی جدید ترین صلاحیتوں کو سراہا۔ وہ پاک فضائیہ کے ملٹی ڈومین آپریشنز کے مابین بہترین ربط دیکھ کر خاص طور پر متاثر ہوئے اوراسے جدید فضائی جنگ کی پہچان قرار دیا اور چینی فضائیہ کی ملٹی ڈومین آپریشنز میں پاک فضائیہ کے ثابت شدہ عسکری تجربے سے سیکھنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ائیر چیف کی پرعزم قیادت میں پاک فضائیہ کے پائلٹس کی جانب سے بھارت کو دیئے گئے فیصلہ کن اور متوازن جواب کی تعریف کی اور اسے بلا اشتعال جارحیت کے مقابلے میں درستگی، نظم و ضبط اور جرات کی اعلیٰ مثال قرار دیا۔