پنجاب میں بارشوں کا نیا سلسلہ آج سے شروع ،سیلابی صورتحال کا خدشہ

پنجاب میں بارشوں کا نیا سلسلہ آج سے شروع ،سیلابی صورتحال کا خدشہ

لاہور، اسلام آباد، جہلم، جھنگ(سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نمائندگان، نیوز ایجنسیاں) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے مطابق صوبے میں مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ آج سے شروع ہو رہا ہے ۔

 بیشتر اضلاع میں آندھی اور شدید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے ، جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے سیلابی صورتحال کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق جھنگ کی ضلعی انتظامیہ نے فلڈ وارننگ جاری کر دی ہے اور دریائے جہلم کی سطح بلند ہو گئی ہے ۔ ریسکیو 1122 کی جانب سے واٹر ریسکیو پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جبکہ عوامی مقامات پر لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے احتیاطی پیغامات نشر کیے جا رہے ہیں۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کارروائی کی بھی تنبیہ کی گئی ہے ۔چک جھمرہ کے علاقے میں سیم نالہ اوور فلو ہونے سے سینکڑوں ایکڑ اراضی زیرِ آب آ گئی ہے اور فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔ متاثرہ آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے ۔ ضلعی افسران موقع پر موجود ہیں اور بھاری مشینری کے ذریعے پانی کے بہاؤ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔دوسری جانب چکوال میں شدید بارشوں سے 32 سڑکیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں۔ جہلم میں بھی شدید نقصان ہوا ہے ، جہاں دارا پل زمین بوس ہو گیا اور پنڈ دادن خان و جہلم کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے ۔

بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گجرات، جہلم، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، میانوالی، اور گوجرانوالہ میں بارشوں کا امکان ہے ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ رواں مون سون کے دوران مختلف حادثات میں 123 افراد جاں بحق اور 462 زخمی ہوئے جبکہ 150 عمارتوں کو نقصان پہنچا۔این ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا میں 25 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں، جس سے دریائے کابل، سوات، پنجکوڑہ، کالپنی اور بارہ نالہ میں طغیانی آ سکتی ہے ۔ نوشہرہ، مالاکنڈ، دیر اور بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے ۔اسلام آباد، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، خانیوال، ساہیوال، مظفرگڑھ، تونسہ، راجن پور، بہاولپور اور دیگر شہروں میں اربن و فلیش فلڈنگ کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے اور راولپنڈی نالہ لئی کے اطراف ماڈرن الارم سسٹم کی تنصیب شروع کر دی گئی ہے ۔

دریائے راوی، ستلج اور بیاس کے کناروں پر آبادیاں خالی کرانے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔چکوال، جہلم اور ڈومیلی کے علاقوں میں رابطہ سڑکیں شدید متاثر ہوئی ہیں۔ سی اینڈ ڈبلیو نے کئی مقامات پر عارضی پل قائم کر دیے ہیں تاکہ آمد و رفت ممکن بنائی جا سکے ۔ وزیر مواصلات صہیب بھرتھ کے مطابق عوام کی سہولت کے لیے ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔ مزید برآں لیہ میں فلڈالرٹ جاری کیا گیا ہے ، بارشوں سے تونسہ میں حفاطتی بند کو نقصان پہنچا ہے ، آبادیاں زیر آب آ چکیں ، متاثرین کی کشتیوں میں نقل مکانی جاری ہے ،جہلم کے گاؤں شاہ پور سے دو لاشیں برآمد ہوئی ہیں،فیصل آباد میں دو دن کے دوران 11 اموات ہوئیں، 60 زخمی ہوئے ، بارشوں میں زیادہ حادثات چھتیں گرنے سے ہوئے ۔ منڈی بہاؤالدین ڈسٹرکٹ جیل کی دیوار گر گئی ۔مزید تفصیلات کیمطابق،830 قیدیوں کو حافظ آباد، لاہور جیل منتقل کیا گیا ،سیکرٹری ایمر جنسی سروسز رضوان نصیر کے مطابق بارشوں کے دوران 119 اموات ہوئیں،نقصان کا تخمینہ لگا رہے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں