شہباز شریف سے بلاول کی ملاقات، شراکتِ اقتدار پر گفتگو
اسلام آباد (نامہ نگار، دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی۔ سینیٹر شیری رحمن اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
جمعہ کو وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو نے وزیراعظم سے ان کے کزن میاں شاہد شفیع کے انتقال پر تعزیت کی، مرحوم کی بلندیِ درجات اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ بلاول بھٹو نے مرحوم میاں شاہد شفیع کے بڑے بھائی جاوید شفیع سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور تعزیت کی۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال، مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے ۔دنیا نیوز کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں جاری سیاسی صورتحال اور امن و امان پر مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)کے درمیان شراکتِ اقتدار سے متعلق معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔ پی ٹی آئی کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے بارے میں بھی غور کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے سیاحت کے فروغ کے لیے قابلِ عمل اور جلد مکمل ہونے والے منصوبے بنائے جائیں۔ وزیراعظم نے نیشنل ٹورازم کوآرڈینیشن بورڈ کو فعال کرنے کے حوالے سے بریفنگ بھی طلب کر لی۔جمعہ کو وزیراعظم کی زیر صدارت سیاحت کے فروغ سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیاحوں کی سہولت کے لیے اعلیٰ معیار کے ہوٹلز، ریزورٹس، تفریحی مقامات اور دیگر ضروری سہولیات کی تعمیر کے لیے جامع حکمتِ عملی تیار کی جائے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے گزشتہ برس آئی ٹی برآمدات کا 3.8 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرنے کو سراہا اور آئندہ سالوں کے اہداف اور درکار اقدامات پر جامع لائحہ عمل پیش کرنے کی ہدایت کی۔شہباز شریف کی زیرِ صدارت این آئی ٹی بی اور وزارتِ آئی ٹی کے اقدامات سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے کہاآئی ٹی برآمدات کو 30 ارب ڈالر تک پہنچانے کے لیے مکمل ڈیجیٹل ایکو سسٹم اور اس کا انفراسٹرکچر متعارف کرایا جا رہا ہے ۔