پاکستان چند ہفتوں میں پانڈا بانڈ جاری کریگا:وزیر خزانہ
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان آئندہ چند ہفتوں میں پانڈا بانڈ جاری کرنے جا رہا ہے جو پاک چین مالی تعلقات میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا ، پانڈا بانڈ کے اجرا سے پاکستان کو چینی کیپٹل مارکیٹ تک براہ راست رسائی حاصل ہوگی۔
پانڈا بانڈ سے پاکستان کا ڈالر پر انحصار کم ہوگا اور عالمی مالیاتی سطح پر بھی پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگی۔ چینی میڈیا چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک (سی جی ٹی این) کو انٹرویو میں وفاقی وزیرِ خزا نہ نے کہا کہ پانڈا بانڈ کے اجرا کی تیاری اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات اب محض انفراسٹرکچر تک محدود نہیں رہے بلکہ وسیع اقتصادی شراکت داری کی صورت اختیار کر چکے ہیں۔وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ماضی میں چینی کیپٹل مارکیٹ سے مکمل فائدہ نہیں اٹھا سکا تاہم اب اس کمی کو پورا کرنے کی بھرپور کوشش کی جا رہی ہے ۔وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ پانڈا بانڈ کے حوالے سے چینی سرمایہ کاروں کی جانب سے مثبت ردِعمل کی توقع ہے اور یہ اقدام پاکستان کو دنیا کی دوسری بڑی کیپٹل مارکیٹ سے جوڑ دے گا۔ چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے ۔ رواں سال کے پہلے آٹھ ماہ میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم 17 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ چین نے ہر عالمی فورم پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔علاوہ ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ نوجوان آبادی ہماری سب سے بڑی معاشی قوت بن سکتی ہے ، حکومت کی توجہ نوجوانوں کو ہنرمندی کی تربیت دینے پر مرکوز ہے ۔ہم 24 کروڑ آبادی پر مشتمل ایک قوم ہیں، سالانہ شرح نمو 2.5 فیصد ہے ، غربت کے خاتمے کے لیے پائیدار معاشی بہتری کی طرف بڑھنا بہت ضروری ہے ۔