اسمبلی، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا تقرر کیا جائے :غفور حیدری
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے )جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کا فوری تقرر کیا جائے ۔ اپوزیشن لیڈر اکثریتی اپوزیشن جماعت میں سے ہونا چا ہئے ۔
اگر پی ٹی آئی کے پاس اکثریت ہے تو وہ اپنا اپوزیشن لیڈر لے آئے ، ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام جماعتیں متفق ہیں کہ مولانا فضل الر حمن ایک قومی لیڈر ہیں اور ان کی صلاحیتوں سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔ مولانا فضل الرحمن اس سے قبل بھی اپوزیشن لیڈر رہ چکے ہیں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان مسائل کا حل بات چیت میں ہے ۔ملک میں امن، استحکام اور معاشی بہتری کے لئے حکومت کو عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔ اب تو بلوچ علاقوں سے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو رہے ہیں، جو تشویشناک صورتحال ہے ۔