زہران ممدانی پاکستانی خاتون سے مل کر آبدیدہ ،اردوبول سکتاہوں لاہور بھی گیا :میئرنیویارک
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)میئر نیویارک زہران ممدانی شہریوں سے ملاقات کے دوران ایک پاکستانی خاتون سے مل کرآبدیدہ ہوگئے ۔ زہران ممدانی نے میئر منتخب ہونے کے بعد نیویارک کے 142 شہریوں سے ملاقات کی اور ان کی پریشانیاں اورنیویارک شہر کیلئے ان کی تجاویز سنیں۔۔۔
اسی ملاقات میں ایک پاکستانی خاتون نے بھی ان سے ملاقات کی، خاتون نے زہران ممدانی سے کہا کہ ان کی انگریزی اچھی نہیں ہے اس لئے وہ کچھ لکھ کر لائی ہیں، اس کے بعد انہوں نے زہران ممدانی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ایک ایسی دنیا میں جہاں لوگ متحد نہیں آپ نے ان لوگوں میں نرم دلی پیدا کی۔آپ نے آکر لوگوں کے دل بدل دئیے ہیں،آپ کی آنکھوں میں جو سچائی ہے وہ کسی سے چھپ نہیں سکتی،خاتون کی یہ بات سن کر زہران ممدانی آبدیدہ ہوگئے ۔ خاتون نے بتایا کہ ان کا نام ثمینہ ہے اور ان کا تعلق لاہور پاکستان سے ہے ، انہوں نے زہران ممدانی سے پوچھا کہ کیا انہیں اردو آتی ہے جس پر زہران ممدانی نے کہا کہ وہ اردو پڑھ تو نہیں سکتے لیکن بول سکتے ہیں،انہوں نے کہالاہور بہت خوبصورت شہر ہے اور وہ بھی ایک مرتبہ لاہور جاچکے ہیں۔