حکومت نے بسنت کے کسی ایونٹ کو منسوخ نہیں کیا:عظمیٰ بخاری
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہاہے کہ پنجاب حکومت نے بسنت سے متعلق کسی بھی ایونٹ کو منسوخ نہیں کیا۔
حکومتی سطح پر بسنت منانے کا کوئی فائنل پلان موجود نہیں تھا۔ بسنت منانے کی اجازت صرف عوام کو دی گئی ہے ۔ حکومت نے بسنت اس لئے کھولی تاکہ لوگ اپنے گھروں کی چھت پر اس خوبصورت تہوار کو محفوظ انداز میں منا سکیں۔ حکومت کا کام صرف ایس او پیز پر عملدرآمد کروانا ہے ۔ حکومت بسنت کو محفوظ بنانا چاہتی ہے تاکہ لوگ اس خوبصورت تہوار کا بھرپور لطف اٹھا سکیں۔ ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ لاہوریے بسنت کے اتنے منتظر ہیں، گڈی ڈور کی ڈیمانڈ کو مختلف اضلاع سے منگوا کر پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بسنت کی تیاریاں گلی محلوں میں ہورہی ہیں،بازاروں میں گہما گہمی ہے ، لوگوں کو پتنگیں ڈوریں نہیں مل رہیں، ایک خوبصورت تہوار ہے ،لوگ خوش ہو رہے ہیں۔ عظمیٰ بخاری کا کہناتھا کہ مریم نواز نے 25 سال بعد عوام کو بسنت جیسا خوبصورت تہوار منانے کا موقع فراہم کیا ہے اور پنجاب کی ثقافت کی بحالی کا کریڈٹ سو فیصد مریم نواز کو جاتا ہے ۔پنجاب حکومت نے بسنت کے دوران عوام کی حفاظت اور تہوار کی خوشیوں کو یقینی بنانے کیلئے تمام قواعد و ضوابط طے کر دئیے ہیں۔