ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری سعودی وفد پاکستان پہنچ گیا
اسلام آباد(نیوز رپورٹر)وزارت قومی صحت کے مطابق پاکستان میں ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
ویکسین سازی میں خود کفالت کے قومی وژن کے تحت سعودی عرب کا گیارہ رکنی اعلیٰ سطح وفد پاکستان پہنچ گیا ہے ۔ اس سلسلہ میں وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے گزشتہ سات ماہ میں اپنے سعودی ہم منصب اور سعودی وزیرِ صنعت کے ساتھ متعدد ملاقاتیں کی تھیں ۔ پاکستان کی جانب سے ڈریپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبید جبکہ سعودی عرب کی جانب سے وزارتِ صنعت کے سینئر ایڈوائزر نزار وائی الحریری فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے ۔ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاکستان صحت کے شعبے میں خود انحصاری کی جانب گامزن ہے ، سعودی وفد کا یہ دورہ ویکسین کی مقامی تیاری کے عمل کو عملی شکل دینے کی جانب ایک فیصلہ کن قدم ثابت ہوگا۔ مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری نہ صرف ملکی ضروریات کو پورا کرے گی بلکہ اضافی پیداوار کے ذریعے برآمدات کو فروغ دے کر قومی معیشت کو بھی مستحکم کرے گی۔