وزیراعظم ،سہیل آفریدی ملاقاتیں جاری رہنی چاہئیں:فیصل کنڈی
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)گورنر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور پختونخوا کے وزیراعلیٰ میں ایسی ملاقاتیں جاری رہنی چاہئیں، ملک میں کھیلوں کے میدان آباد ہیں، کرکٹ میں بھارت کا رویہ سب کے سامنے ہیں۔۔۔
ہم نے جنگی اور سفارتی محاذ پر ملکر بھارت کو شکست دی،قومی کرکٹ ٹیم کا بھارت کیخلاف ورلڈ کپ میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ درست ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اینکرز الیون اور لندن میڈیا الیون کے درمیان کھیلے گئے نمائشی میچ کی اختتامی تقریب کے موقع پر صدر سینٹورس گروپ ڈاکٹر راشد سومرو کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پختونخوا نے مزید کہا کہ وفاق اور کے پی حکومت کے درمیان رابطے اچھے ہونے چاہئیں ،بات چیت کے ذریعے ہی مسائل کا حل ہے ، ریاست، امن اور ترقی پر سیاست نہیں ہونی چاہیے ،دہشگردی کیخلاف جنگ میں ہم نے بڑی قربانیاں دی ہیں ، یہ جنگ ہم جیت رہے ہیں ، سکیورٹی فورسز کے جوان روزانہ شہید ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو جنگ ہارنے کے بعد چپ کا روزہ لگ گیا، امریکی صدر ہر ہفتے پاکستان اور فیلڈ مارشل کا نام خود لیتے ہیں، بلوچستان میں ملک دشمن عناصر نے حملے کئے ، بھارت اور اسرائیل افغانستان کی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال کررہے ہیں ،کے پی اور بلوچستان میں جلد مکمل امن ہوگا۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں خوشحالی آتی ہے ، آسٹریلیا کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کی فتح خوش آئند ہے ، امید ہے ورلڈ کپ میں بھی پاکستان بہتر پرفارم کرے گا ۔