سمندری روڈ پر بس اور رکشہ میں تصادم، 6 جاں بحق، 3 زخمی
طلحہ،بلال شفیق ،حنیف،حمیرا سردار ،ناصرہ اور لبنیٰ موقع پر ہی دم توڑ گئے ، وقاص ،سعید انور اور شہناز زخمی ہوئے ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری جائے وقوعہ پر پہنچی ،پولیس نے شواہد اکٹھے کر لیے ،وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری
رجانہ(نمائندہ دنیا)سمندری روڈ پر تیز رفتار اے سی بس اور رکشہ کی ٹکر، 6 جاں بحق، 3 زخمی ہو گئے ۔ نجی بیکری کے قریب بس اور رکشہ آمنے سامنے ٹکرا گئے ۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں بھی ہسپتال شفٹ کر دی گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 3 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔ طلحہ ولد محمد یعقوب،بلال شفیق ولد محمد شفیق ،حنیف ولد نامعلوم، حمیر ا سردار دختر سردار، ناصرہ بی بی زوجہ اللہ رکھا، لبنیٰ بی بی زوجہ امجد جاں بحق ہوئے ، زخمیوں میں وقاص نذیر ولد نذیر احمد،سعید انور ولد محمد انور،شہناز اختر زوجہ محمد اکرم شامل ہیں ،پولیس نے جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ، وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جار ہی ہیں۔