بشریٰ بی بی ٹھیک ، عمران کیلئے پریشان ہیں:مریم ریاض
کچھ کمزور مگر ہائی اسپرٹ میں ہیں، ایک ہفتہ قبل عمران سے ملاقات کرائی گئی فیملی ملاقات کے بعد کوئی سیاسی بیان نہیں دیتی:دنیا مہر بخاری میں گفتگو
لاہور (دنیا نیوز)بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے کہا ہے کہ تین ماہ بعد ہماری بشریٰ بی بی سے ملاقات کروائی گئی، وہ کچھ کمزور ضرور ہیں مگر ہائی اسپرٹ میں ہیں۔ انہیں بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں تاہم وہ ٹھیک ہیں، البتہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے پریشان ہیں۔دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘دنیا مہر بخاری کے ساتھ’’ گفتگو کرتے ہوئے مریم ریاض وٹو نے بتایا کہ دو فیملی ممبرز نے بشریٰ بی بی سے ملاقات کی۔ بشریٰ بی بی نے سب کے لیے پیغام دیا اور بتایا کہ ایک ہفتہ قبل انہیں عمران خان سے بھی ملایا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود بتایا کہ دو ہفتوں سے ان کی آنکھ میں شدید تکلیف تھی۔ ابتدا میں جونیئر ڈاکٹر نے معائنہ کیا اور معاملے کو سنجیدہ قرار دیا، بعد ازاں پمز کے سینئر ڈاکٹروں کو دکھایا گیا جنہوں نے بتایا کہ اگر فوری علاج نہ ہوا تو آنکھ ضائع ہو سکتی ہے ، جس کے بعد پمز میں علاج کروایا گیا۔مریم ریاض وٹو کے مطابق جب عمران خان کی ملاقات بشریٰ بی بی سے کروائی گئی تو اس وقت وہ مکمل طور پر ٹھیک نہیں تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ملاقاتیں ہونی چاہئیں تاکہ سب خود دیکھ سکیں کہ ان کی صحت کیسی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہر منگل کو عمران خان کی بہنوں کے ساتھ ہمارے خاندان کے افراد بھی اڈیالہ جیل جاتے ہیں، لیکن ہماری فیملی ملاقات کے بعد کبھی کوئی سیاسی بیان نہیں دیتی۔