آواز اٹھانا ،جنازے اٹھانے سے بہتر،وزیر اعلیٰ پختونخوا

 آواز اٹھانا ،جنازے اٹھانے سے بہتر،وزیر اعلیٰ پختونخوا

پنجاب میں پی ٹی آئی جھنڈا نہیں لہرا سکتی، بزرگ رہنماؤں پر تشدد کیاجاتا بقایاجات مل جائیں تو عوامی خدمت بہتر ہو سکتی ہے :کنونشن سے خطاب

 پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے نوجوانوں کے لیے بلا سود قرضہ سکیم کی رقم تین ارب سے بڑھا کر پانچ ارب روپے کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے ینگ پارلیمنٹ کے لیے دو ملین روپے گرانٹ دینے کا بھی اعلان کیا۔پشاور میں ینگ لیڈرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا ہے وفاق ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہا ہے ۔ پنجاب میں عملی طور پر سول مارشل لا نافذ ہے ،آواز اٹھانا ،جنازے اٹھانے سے بہتر ہے ۔ اس بار ہم بند کمروں کے فیصلے مسلط نہیں ہونے دیں گے ۔ان کا کہنا تھا پنجاب میں پی ٹی آئی جھنڈا نہیں لہرا سکتی، ہم کارنر میٹنگ نہیں کر سکتے ، پنجاب کے ایم پی اے اور ایم این اے نے بتایا کہ ان کی گاڑیوں کے نمبرز ٹیمپر ہو رہے ہیں، ان کے گارڈز کی بندوقیں لے کر ان کے نمبرز ٹیمپر کیے جاتے ہیں، تحریک انصاف کے بزرگ رہنماؤں کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے ، ان ظالم لوگوں کو آپ نوجوانوں نے ری پلیس کرنا ہے ، نوجوان مجھ پر تنقید کریں، آپ کو یہاں کوئی نہیں اٹھائے گا۔ان کا کہنا تھا دہشتگردی کے خاتمے کے لیے نیت ٹھیک کرنی چاہیے ، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سب کو ایک ہونا ہو گا۔ پنجاب میں حکمران آمروں کی گود سے جنے ہیں۔ ملٹری آپریشن سے دہشتگردی کم نہیں ہوتی ، بڑھتی ہے ۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مذہبی و سیاسی جماعتوں کو بٹھا کر پالیسی بنانا ہوگی ۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ وفاق اس وقت خیبر پختونخوا کا 4758 ارب روپے کا مقروض ہے اور قبائلی اضلاع کا مالی انضمام تاحال نہیں کیا گیا، جو آئین کی خلاف ورزی ہے ۔اگر بقایاجات مل جائیں تو عوامی خدمت مزید بہتر ہو سکتی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں