لاہور پُرامن، زندہ دل شہر،توہین برداشت نہیں:عظمیٰ بخاری
چار سال زمان پارک ناچ گانا کرنیوالوں کو آج اپنی سیاست پر شرم آنی چاہیے عوام نے انتشار اور فساد کی سیاست مسترد کر دی:صوبائی وزیر اطلاعات
لاہور (دنیانیوز)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے تحریک انصاف سے وابستہ ایک خاتون کے لاہور سے متعلق ریمارکس کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور ایک پُرامن، زندہ دل اور ثقافتی شہر ہے ، جس کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی،لاہور میں چار سال جعلی حکومت کرنے والے اور زمان پارک کے باہر ناچ گانا کرنے والوں کو آج اپنی سیاست پر شرم آنی چاہیے۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ جو عناصر ماضی میں لبرٹی چوک اور مینارِ پاکستان کو سیاسی سرکس میں تبدیل کرتے رہے ، وہ آج اسی لاہور پر تنقید کرکے عوام کی توہین کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب ان کے اپنے قائد کی فیملی اہل و عیال کے ساتھ بسنت مناتی رہی تو کیا اس پر بھی کبھی شرمندگی کا اظہار کیا گیا۔ لاہور اور پنجاب کے عوام نے انتشار اور فساد کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کے شہریوں نے انتشار کی کال میں شامل ہونے کے بجائے امن، خوشی اور ثقافتی رنگوں کے ساتھ بسنت منانے کو ترجیح دی، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام منفی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔