ننکانہ :برطانیہ کے سکھ یاتریوں کاگورودوارہ جنم استھان کا دورہ

ننکانہ :برطانیہ کے سکھ یاتریوں کاگورودوارہ جنم استھان کا دورہ

مذہبی رسومات ادا کیں،مقامی سکھ رہنماؤں کا وفد کا استقبال،گلدستے پیش کئے شاندار مہمان نوازی پر پاکستانی حکومت اور عوام کے مشکور :جتھہ لیڈر جسپال کور

ننکانہ صاحب (خبر نگار)برطانیہ کے سکھ یاتریوں کے 20 رکنی وفد نے اپنے روحانی پیشوا بابا گورونانک کی جائے پیدائش گورودوارہ جنم استھان کا دورہ کیا اور وہاں اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔ وفد جتھہ لیڈر بھارتی نژاد سماجی کارکن جسپال کور کی قیادت میں گوردوارہ جنم استھان پہنچا جہاں مقامی سکھ رہنماؤں نے وفد کا استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کیے ، وفد کے اراکین نے گورودوارہ میں بابا گورونانک کی جائے پیدائش پر متھا ٹیکی، اکھنڈ پاٹ ، شبد کیرتن اور ارداس سمیت اپنی دیگر مذہبی رسومات ادا کیں۔

اس موقع پر سکھ یاتریوں نے دنیا بھر میں امن و امان اور خوشحالی اور پاکستان کی ترقی و سلامتی کے لئے بھی خصوصی دعا بھی کی، وفد نے گوردوارہ کے مختلف حصوں کو بھی دیکھا اور سکھ مذہب کے اس مقدس ترین مقام کی بہترین تزین وآرائش اور حفاظت پر حکومت پاکستان کی کاوشوں کو سراہا، گوردوارہ انتظامیہ کی طرف سے وفد کو یادگاری سروپا بھی دئیے گئے ، اس موقع پر جتھہ لیڈر جسپال کور اور دیگر سکھ یاتریوں نے کہاکہ شاندار مہمان نوازی پر پاکستانی حکومت اور عوام کے مشکور ہیں، پاکستان آکر ملنے والی خوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا ، پاکستان میں ہمارا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے اور سکیورٹی سمیت تمام انتظامات بہترین کئے گئے ہیں اور ہمیں محسوس ہی نہیں ہو رہا کہ ہم کسی اور ملک میں آئے ہیں، شاندار مہمان نوازی دیکھ کر بار بار یہاں آنے کو دل کر رہا ہے ، واپس جاکر دنیا کو بتائیں گے کہ پاکستان کتنا محبت کرنے والا ملک ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں