پاکستان و ترکیہ کا لائیو سٹاک شعبہ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
لائیو سٹاک شعبہ میں پاکستان کیسا تھ قریبی تعاون کیلئے پر عزم ہیں ،سفیر ترکیہ شعبہ کو جدید بناکر خوراک کا تحفظ بہتر بنایا جا سکتا ،رانا تنویر ، اجلاس سے خطاب
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان ترکیہ کے تجربات اور جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے لائیو سٹاک کی پیداوار، گوشت کی پراسیسنگ اور ویلیو چین کو مزید مؤثر اور برآمدات کے لیے موزوں بنانا چاہتا ہے ۔جمعرات کو ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ترکیہ کے وفد نے بھی شرکت کی جس کی قیادت پاکستان میں ترکیہ کے سفیرعرفان نذیراوغلو کر رہے تھے۔
اجلاس میں پاکستان کے لائیو سٹاک سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے ، گوشت کی پراسیسنگ، جانوروں کی صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور برآمدات کے فروغ کے لیے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ۔ رانا تنویر حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان میں لائیو سٹاک کا شعبہ زرعی معیشت کا ایک بنیادی ستون ہے اور اسے جدید بنانے سے نہ صرف خوراک کے تحفظ کو بہتر بنایا جا سکتا ہے بلکہ گوشت اور دیگر لائیو سٹاک مصنوعات کی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ممکن ہے ۔ ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوغلو نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کے ساتھ لائیو سٹاک کے شعبے میں قریبی تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے ۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ترک ماہرین کے دوروں اور تکنیکی مشاورت کی بنیاد پر ایک جامع رپورٹ اور تعاون کا روڈ میپ تیار کیا جائے گا۔