ملک کو ایک نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت،اسد عمر

ملک کو ایک نئے میثاق جمہوریت  کی ضرورت،اسد عمر

کراچی (این این آئی) سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی سربراہی میں ’’با اختیار عوام‘‘کے نام سے مقامی حکومتوں کو با اختیار بنانے کے لیے قومی تحریک کا آغاز کر دیا گیا۔

ہفتہ کوکراچی پریس کلب میں با اختیار عوام کی جانب سے ’’ایک ترمیم عوام کے لیے ‘‘کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، سینئر صحافی عامر ضیا، بیرسٹر صلاح الدین، سابق ارکان سندھ اسمبلی بلال غفار، سدرہ عمران، ڈاکٹر سنجے ، شیراز علی، سٹی کونسلر عزیر احمد صدیقی ودیگر نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب میں اسد عمر کا کہنا تھا ہمارا ماننا یہ ہے کہ پاکستان صرف اور صرف جمہوریت میں ترقی کر سکتا ہے ،جب تک سیاسی جماعتوں نے ایک دوسرے کے گریبان پکڑ رکھے ہیں جمہوریت نہیں چل سکتی،پاکستان کو ایک نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے بنیادی آئینی ڈھانچے میں کمزوری ہے ، 1935 کے انڈیا ایکٹ کے سے ہم آئین بناتے آرہے ہیں،18 ویں ترمیم اچھی لیکن ناکافی ترمیم ہے ،پاکستان کی آدھی سے زیادہ آبادی دیہات میں رہتی ہے ،مقامی حکومت کے حوالے سے آئین میں صرف ایک شق 140 اے ہے ، پہلے کراچی کی دیواروں پر لکھا ہوتا تھا چہرہ نہیں نظام بدلو۔ انہوں نے کہا مرتضیٰ وہاب کے بجائے وزیر اعلیٰ کے پاس وسائل اور اختیارات ہیں، ماحول اس وقت ایسا بن رہا ہے کہ ملک کے آئینی ڈھانچے کو بدلنے کی اشد ضرورت ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں