کراچی:مقابلے میں ماراگیا دہشتگردبی ایل اے کا اہم کمانڈرنکلا

کراچی:مقابلے میں ماراگیا  دہشتگردبی ایل اے کا اہم کمانڈرنکلا

کراچی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) 17 فروری کو شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے میں سی ٹی ڈی اور بی ایل اے کے دہشت گردوں کے درمیان مقابلے کا معاملہ ،مقابلے میں ہلاک چوتھے دہشت گرد کی شناخت سہیل بلوچ عرف گرک بلوچ کے نام سے ہو گئی۔

ہلاک دہشت گرد بلوچستان میں بی ایل اے کا کمانڈر تھا۔ ترجمان سی ٹی ڈی سندھ کے مطابق سہیل بلوچ عرف گرک بلوچ لبریشن آرمی میں بولان ایریا کے فتح اسکواڈ کا کمانڈر تھا۔ ہلاک ملزم بی ایل اے کمانڈر رحمن گل،ڈاکٹر مکھو اور ملا امین کے ساتھ براہ راست رابطے میں تھا۔ دہشت گرد کمانڈر سہیل بلوچ نے 2022 میں بی ایل ایف جوائن کی اور اس کے بعد بی ایل اے میں چلا گیا۔ دہشت گرد سہیل بلوچ نے مختلف حملوں میں 50سے زائد سکیورٹی اہلکاروں اورشہریوں کو شہید کیا۔ دہشت گرد سہیل بلوچ کھڈ کوچہ کے مقام پر ڈی سی پنجگور ذاکر بلوچ کو شہید کرنے میں بھی ملوث تھا۔ ہلاک دہشت گرد 11 مارچ 2025 کوجعفر ایکسپریس پر حملے کے 5بمبار بھیجنے میں بھی ملوث تھا۔ سہیل بلوچ مختلف مقامات پر ہائی ویز بلاک کر کے شہریوں کو لوٹنے اور مختلف دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھا۔ سہیل بلوچ عرف گرک بلوچ سکیورٹی فورسز کو کافی عرصے سے مطلوب تھا۔ ہلاک دہشت گردوں کے سرپرست،ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق 17 فروری کو شاہ لطیف ٹاؤن ملیر میں چار انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے تھے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ سہیل بلوچ کی ہلاکت بی ایل اے کے دہشت گرد نیٹ ورک کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے ۔اس کارروائی سے کراچی میں ممکنہ بڑے دہشت گرد حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں