شوال کا چاند نظر نہیں آیا، پاکستان میں عید الفطر کل ہوگی

 شوال کا چاند نظر نہیں آیا، پاکستان میں عید الفطر کل ہوگی

آج 30 واں روزہ ہوگا :مرکزی رویت ہلال کمیٹی ،مفتی پوپلزئی کمیٹی کی توثیق بھارت، ملائیشیا، انڈونیشیا ،بنگلادیش میں بھی عیدکل،سعودیہ میں آج ہوگی

اسلام آباد،لاہور،پشاور(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں کہیں بھی شوال چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، اس لیے آج 20مارچ بروز جمعہ کو 30 واں روزہ ہوگا اور عید الفطرکل 21 مارچ بروز ہفتہ کو منائی جائے گی۔ دوسری طرف مفتی پوپلزئی کی رویت ہلال کمیٹی نے بھی ہفتے کو عید الفطر منانے کا اعلان کردیا۔ بھارت، ملائیشیا، انڈونیشیا اور بنگلادیش میں بھی عید کل ہوگی ،تاہم سعودی عرب میں آج عید منائی جائے گی ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرصدارت گزشتہ روز اسلام آباد میں منعقدہوا جس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اراکین کے علاوہ محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

اسلام آباد کے علاوہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے بھی اجلاس منعقد ہوئے ۔اسلام آباد میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ ملک میں کہیں بھی ماہ شوال کا چاند نظر آنے کی مصدقہ اطلاع موصول نہیں ہوئی ، اس لئے رمضان 1447 ہجری کے مکمل 30 روزے ہوں گے اور عیدالفطر کل بروز ہفتہ 21 مارچ کو منائی جائے گی۔خیال رہے زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کو 6 شہادتیں موصول ہوئی تھیں۔زونل کمیٹی کے مطابق 5 شہادتیں ٹیلیفون کے ذریعے موصول ہوئیں، ایک گواہ خود چل کر زونل کمیٹی کے پاس پہنچا۔ شہادتیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کوبھیجی گئیں ، تاہم ان شہادتوں کو شرعی بنیادوں پر قبول نہیں کیا گیا۔

دوسری طرف پشاور کے علاقے تھانہ کابلی میں قائم جامع مسجد قاسم خان میں ماہ شوال 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے مفتی پوپلزئی کی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مولانا خیر البشر کی زیر نگرانی منعقد ہوا ، مفتی پوپلزئی ناسازی طبیعت کی وجہ سے شریک نہ ہوسکے ۔اجلاس میں متفقہ طور پر چاند نظر نہ آنے اور 30 روزے مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔کمیٹی کے مطابق یکم شوال اور عید الفطر 21 مارچ بروز ہفتے کو مذہبی جوش و خروش سے منائی جائے گی۔ادھر بھارت میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا ،بھارتی میڈیا کے مطابق رویت ہلال کمیٹی دہلی نے اعلان کیا ہے کہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا، بھارت میں عید الفطرکل 21 مارچ کو منائی جائے گی۔ دریں اثناء ملائیشیا، انڈونیشیا اور بنگلادیش میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا اور وہاں بھی مسلمان عیدالفطرکل 21 مارچ کو منائیں گے ۔دریں اثناء سعودی عرب میں عیدالفطر آج بروز جمعہ کو منائی جارہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں