پنجاب سول ڈیفنس کو جدید اینٹی ڈرون گن فراہم کر دی گئی
جدید گن 3 کلومیٹر رینج میں دشمن کے ڈرون کو گرانے کی صلاحیت رکھتی ہے
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)پنجاب سول ڈیفنس کو جدید اینٹی ڈرون گن فراہم کر دی گئی ،یہ اینٹی ڈرون گن EMG-150 دشمن کے کسی بھی ڈرون کو باآسانی فضا میں ناکارہ بنا سکتی ہے اور2 سے 3 کلومیٹر کی رینج میں دشمن کے ڈرون کو جام کر کے گرانے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ محکمہ داخلہ ،پنجاب بھر میں سول ڈیفنس کو اینٹی ڈرون گنز فراہم کریگا،سول ڈیفنس کے بم ڈسپوزل اینڈ اینٹی ڈرون سکواڈ کی NRTC سے تربیت کروائی جا رہی ہے ۔پہلی اینٹی ڈرون گن پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر راولپنڈی ڈویژن کے حوالے کی گئی ہے ۔
صرف 6 کلو وزن کی اینٹی ڈرون گن دور فاصلے تک ٹھیک نشانہ لینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔گن میں آٹھ فریکوینسیز موجود ہیں جو دنیا کے کسی بھی ڈرون کو گرانے کیلئے کافی ہیں ،جدید سسٹم کے ذریعے ڈرون کو راستہ تبدیل کرنے یا زمین پر گرانے کی سہولت موجود ہے ۔اینٹی ڈرون گن GPS، Galileo، GLONASS اور BeiDou سگنلز جام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ طاقتور جیمنگ سسٹم کی حامل گن زیادہ سے زیادہ 200 واٹ آؤٹ پٹ پاور دیتی ہے ۔اینٹی ڈرون گن منفی 22 سے 65+ ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت تک کام کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے کہا کہ نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن مزید اینٹی ڈرون گن تیار کریگا، جدید گن حساس تنصیبات کو محفوظ بنانے میں معاون ثابت ہونگی۔