بین الاقوامی ڈاک سروس محدود، نئی پالیسی کا اعلان

بین الاقوامی ڈاک سروس محدود، نئی پالیسی کا اعلان

اب صرف پی آئی اے کی براہ راست پروازوں والے ممالک کیلئے بکنگ کی جائیگی سعودیہ، کینیڈا سمیت سات ممالک کے علاوہ ڈاک بکنگ حالات بہتر ہونے تک بند

اسلام آباد (وقائع نگار )پاکستان پوسٹ آفس نے خطے میں جاری جنگی صورتحال اور فلائٹ آپریشنز میں رکاوٹ کے باعث بین الاقوامی ڈاک کی ترسیل کے لیے نئی پالیسی جاری کر دی، اب پی آئی اے کی براہ راست فلائٹ والے ممالک تک بین الاقوامی ڈاک کی ترسیل محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ کے مطابق فضائی حدود کی بندش اور ایئرلائنز کے فلائٹ آپریشنز معطل ہونے کی وجہ سے بین الاقوامی ڈاک کی نقل وحمل متاثر ہوئی ہے ۔ پاکستان پوسٹ کے مطابق دوحہ، دبئی اور ابوظہبی جیسے بڑے ٹرانزٹ ہب غیر فعال ہونے کی وجہ سے ڈاک کی آمد و رفت میں تاخیر کا سامنا ہے ۔

اس صورتحال کے پیشِ نظر بین الاقوامی ڈاک کی بکنگ صرف ان چند ممالک کے لیے کی جائے گی جہاں پی آئی اے کی براہِ راست پروازیں دستیاب ہیں۔ فی الحال صرف سات ممالک کے لیے ڈاک بھیجی جا سکے گی جن میں سعودی عرب، عمان، چین، ملائشیا، آذربائیجان، فرانس اور کینیڈا شامل ہیں، صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ ای ایم ایس پلس سروس استعمال کریں تاکہ ڈاک کی محفوظ اور بروقت ترسیل ممکن ہو سکے ۔ لیٹر پوسٹ، پارسل پوسٹ اور عام ای ایم ایس کے زمرے میں بھیجی جانے والی ڈاک کو ممکنہ تاخیر یا روک تھام کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ حالات معمول پر آنے تک دیگر ممالک کے لیے بین الاقوامی ڈاک کی بکنگ معطل رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں