مقامی کمپنیوں کی دو ماہ میں 5جی موبائل تیار کرنیکی یقین دہانی
37پیداواری پلانٹس سے 5جی سستے ، معیاری فونز دستیاب ہونگے :پی ٹی اے
اسلام آباد (وقائع نگار) ملک میں موبائل فون سیٹ تیار کرنے والی کمپنیوں نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کو دو ماہ میں فائیو جی موبائل فون سیٹ تیار کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ، موبائل فونز مینوفیکچرنگ کمپنیوں کے مطابق آئندہ دو ماہ میں پاکستان میں فائیو جی سروس شروع کرنے کے لیے موبائل فونز سیٹ تیار کرنے شروع کر دیئے جائیں گے ۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق پاکستان میں موبائل فون تیار کرنے والی کمپنیوں کی مجموعی تعداد 37 ہو گئی ہے ، 24 کمپنیاں ایسی ہیں جو جدید 4G ٹیکنالوجی کے حامل سمارٹ فونز تیار کر رہیں اور 13 کمپنیاں 2G اور 3G ٹیکنالوجی تک محدود ہیں۔ 4G فون بنانے والی بڑی کمپنیوں میں لکی موٹر کارپوریشن (سام سنگ)، کوسٹل جیڈ (ویوو)، سلیکٹ ٹیکنالوجیز (شومی، ریڈمی، پوکو)، ایورٹ ٹیک (اوپو، ریئل می، ون پلس) اور ٹرانزیشن ٹیکنو (انفینکس، ٹیکنو) شامل ہیں۔
ایئر لنک کمیونیکیشن، انووی ٹیلی کام، ڈیپلائے پرائیویٹ لمیٹڈ، ایزور ٹیک، ینگ ٹیک، اے ایس ٹیلی کام، باز موبائل، جی فائیو، راوڈاس، الفا اینٹ ورک، سوفٹ بز سلوشنز، ٹیکرو پیک، یونائیٹڈ کمیونیکیشن، فوا ٹریسنگ، انرکوم ٹیکنالوجیز، ملٹی کو ٹیکنالوجیز اور سکوٹل ٹیلی کام بھی 4G ٹیکنالوجی پر کام کر رہی ہیں۔ پی ٹی اے کے مطابق 13 کمپنیاں صرف 2G یا 3G فونز بنا رہی ہیں، ان میں ریزنز انوویشن (گریسو)، ریڈ وے انوویشن (مائی فون)، موبو موبائل، زی ٹیل کمیونیکیشن، ہائی سٹار موبائل (گو)، پول کمیونیکیشن (ہیلو ٹیک)، کلب موبائل، ڈی بی لنک (کیو موبائل)، ایم فور وائی انٹرنیشنل (سی فون)، عمر ٹیلی کام، بیلکو ٹریڈنگ، انفو کور گیجٹس اور پریمیئر کوڈ شامل ہیں۔ پی ٹی اے کے مطابق 37 مینوفیکچرنگ پلانٹس کی موجودگی سے ملک میں فائیو جی سروس کے لیے سستے اور معیاری فونز کی دستیابی ممکن ہو سکے گی۔