پاکستان میں اقتدار امریکا کا مرہون منت ہے : حافظ نعیم

پاکستان میں اقتدار امریکا کا مرہون منت ہے : حافظ نعیم

سیاسی جماعتیں حملے کے بعد امریکا کا نام نہیں لیتیں، انکو بے نقاب کرنا چاہیے ہر لٹر پٹرول پر 100 روپے لیوی ،ٹیکس ختم، آئی پی پیز کو ادائیگی روکی جائے

 کراچی (این این آئی،آئی این پی)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکمران طبقے نے عوام کو تقسیم کیا ہوا ہے ، پاکستان میں اقتدار امریکا کا مرہون منت ہوتا ہے ،ادارہ نور حق میں عید کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں لاکھوں لوگ بے گھر ہیں،علاقہ ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیاہے ، استقامت سے طاغوت کا مقابلہ کرنے والے مجاہدین کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران پر امریکا اور اسرائیلی حملے کا آغاز سکول سے کیا گیا، میزائل حملے میں بچیاں شہید ہوئیں، ایرانی قیادت کی شہادت کے بعد بھی پوری قوم متحد ہے ، حملہ آوروں کا رجیم کی تبدیلی کا خواب پورا نہیں ہوا۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں عوامی سطح پر اتحاد موجود ہے ، حکمران طبقے نے عوام کو تقسیم کیا ہوا ہے ، فرقہ ورانہ تقسیم کی کوشش کرنے والے صیہونی ایجنٹ ہیں، ہمارا فرض ہے ایران کی حمایت کریں اور ساتھ کھڑے ہوں۔انہوں نے کہاکہ عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ہر لٹر پٹرول پر 100 روپے لیوی اور ٹیکس وصول کیا جارہا ہے ، اسے ختم کیا جائے ، آئی پی پیز کو ادائیگی روکی جائے اور معاہدوں کی جانچ کی جائے ، لیوی کم کریں تو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوجائیں گی ، سیاسی جماعتیں ایران پر حملے کے بعد امریکا کا نام لینے پرتیار نہیں، قوم کو ایسے لوگوں کو بے نقاب کرنا چاہیے ،دریں اثنا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی نے ایران کی لیڈرشپ کو خراجِ تحسین پیش کیا اورکہا ہے کہ ایران نے امریکا و اسرائیل کے عزائم کو خاک میں ملادیا، امریکا ایران میں رجیم چینج کرنا چاہتا تھا، اب رجیم چینج مغرب میں ہونے والا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں