این اے 127،عطااللہ تارڑ کی کامیابی درست قرار
دھاندلی ہوئی ،ثبوت موجود :وکیل مدعی ،دستاویزات غیر مصدقہ:وکیل صفائی ٹربیونل جج نے ظہیر عباس کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کردی
لاہور (کورٹ رپورٹر )الیکشن ٹربیونل نے این اے 127سے عطا اللہ تارڑ کی کامیابی کو درست قرار دے دیا ، ٹریبونل نے تحریک انصاف کے ظہیر عباس کوکھر کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کردی ۔لاہور کے الیکشن ٹربیونل کے جج رانا زاہد محمود نے گزشتہ روز کیس کی سماعت کی ۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ این اے 127 سے عطائاللہ تاڑر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن حقائق کے برعکس جاری کیا گیا ،حلقے میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی جس کے واضح ثبوت موجود ہیں اسی بنیاد پر عطائاللہ تارڑ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے ۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی جانب سے بیرسٹر حارث عظمت نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ یہ پٹیشن ہی قابل سماعت نہیں ، پٹیشن کے ساتھ لگائی گئی دستاویزات مصدقہ نہیں ہیں جبکہ پٹیشن دائر کرتے وقت قواعد و ضوابط بھی پورے نہیں کئے گئے ،اسی لئے اس پٹیشن پر مزید کارروائی نہیں ہو سکتی لہذا درخواست ناقابل سماعت قرار دی جائے ۔ٹریبونل جج رانا زاہد محمود نے تمام دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے عطااللہ تارڑ کی کامیابی کو درست قرار دے دیا ۔