اسلام میں فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں:سلیم حیدر
صوفیا نے برصغیر میں اسلام پھیلایا ،درگاہوں پر ایمان کی تازگی ملتی :گورنرپنجاب سردارسلیم حیدر کی دربار داتا گنج بخش علی ہجویری اور مزار بی بی پاکدامن پر حاضری
لاہور(سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں اسلام کی روشنی پھیلانے میں صوفیا ئے کرام کاکردار اہم ہے ،درگاہوں پر حاضری دینے سے انسان کی روح اور ایمان کو تازگی ملتی ہے ۔اسلام میں فرقہ واریت پھیلانے کی کوئی گنجائش نہیں۔گورنرپنجاب نے حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کے دربار اور مزار بی بی پاکدامن پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی جبکہ ملک قوم کی ترقی،خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعاکی۔ گورنر پنجاب نے داتا دربار پر جاری تزئین و آرائش کے کام کا جائزہ بھی لیا۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور حکومت میں مذہبی مقامات اور درگاہوں کی تزئین و آرائش قابل ستائش ہے ۔ درگاہوں پر آنے والے زائرین کیلئے ہر قسم کی سہولت کو ممکن بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اولیائے کرام اور بزرگان دین کی درسگاہوں سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے ،صوفیائے کرام نے اپنے قول وعمل سے دین اسلام کی روشنی پھیلانے میں اپنا کردار ادا کیا،ان کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے امن اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ،مذہبی فرقہ واریت پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔