سعودی عرب کے رہائشی بغیر اجازت حج نہ کریں،طاہر اشرفی
بغیر اجازت حج شرعی و قانونی طور پر جائز نہیں ،سعودی قوانین پر عمل کریں سیاسی میدان لگانے کی کوشش نہ کریں ،بھیک مانگنا جرم:ضابطہ اخلاق جاری
لاہور(سیاسی نمائندہ)پاکستان علما ء کونسل ، انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل اوردارالافتا ء پاکستان نے حجاج کرام کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ حرمین شریفین کے تقدس و احترام کو مدنظر رکھتے ہوئے سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کریں۔چیئرمین پاکستان علما ء کونسل و سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں رہنے والے بغیر اجازت نامے کے حج نہ کریں ، بغیر اجازت نامے کے حج شرعی و قانونی طور پر جائز نہیں ہے ، دوران حج سیاسی میدان لگانے کی خود کوشش کریں نہ کسی بھی ایسی کوشش کا حصہ بنیں۔ ائیر پورٹ سے روانگی میں ہونے والی تاخیر پر پریشان ہونے کی بجائے اللہ کا ذکرکریں، لبیک اللھم لبیک کی صدائیں لگائیں اور کثرت سے درود شریف پڑھیں اور اس بات کا احساس اور ادراک رکھیں کہ حج میں مشکلات آتی ہیں اور ان مشکلات پر صبر کرنا ہی حج کے اجر کا سبب بنے گا۔ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ سعودی قوانین کی مکمل پاسداری کرنا حجاج کرام پر لازم ہے ۔ سعودی عرب میں بھیک مانگنا اور منشیات لے جانا بہت بڑا جرم ہے ، حجاج کرام اور عمرہ زائرین اس قسم کی سرگرمیوں سے دور رہیں۔