امریکی جنگی تیاری مزید تیز،ارادے نیک نہیں :نجم سیٹھی

امریکی جنگی تیاری مزید تیز،ارادے نیک نہیں :نجم سیٹھی

ایران میں یہ بات ہورہی کہ اب ہمارے ساتھ پھر ہاتھ تو نہیں ہونے والا مذاکرات کے پیچھے مضبوط فورسز بھی ہونی چاہئے ’’ آج کی بات سیٹھی کیساتھ‘‘

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں امن ہو، جنگ نہ ہو،کسی طریقے سے معاملات حل ہوجائیں،اب ڈونلڈ ٹرمپ کی پریس کانفرنس، ان کے بیانات،ان کے ٹویٹس ، اس سے مجھے کچھ سمجھ نہیں آتی، ایک دن ایک بات کرتے ہیں دوسرے دن کوئی اور بات کرتے ہیں، کبھی وہ دھمکیاں دیتے ہیں، ساتھ ساتھ گلف میں اپنی فوج کو مزید مضبوط بنارہے ہیں،اس سے معلوم ہوتا ہے کہ جنگ کیلئے ٹرمپ اپنی فوج کو تیار کررہاہے ،اس با ت کی سمجھ آتی ہے کہ اگر آپ نے مضبوط مذاکرات کرنے ہیں تو اس کے پیچھے مضبوط فورسز بھی ہونی چاہئے ۔نجم سیٹھی نے دنیا نیوز کے پروگرام’’ آج کی بات سیٹھی کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عام تاثر یہی ہے کہ سٹریٹجکلی ایران مضبوط ہے اورامریکا کمزور ہے ،ٹیکٹکلی امریکا کے پاس بڑی عسکری طاقت ہے ،ایران لانگ ٹرم وار کیلئے تیار ہے ،ابھی تک برداشت کیا ہے ،ایران کہتا ہے کہ آگے بھی ہم برداشت کرلیں گے ،بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے ایران اسرائیل اور امریکا کا زیادہ نقصان کرے گا،کسی نہ کسی سٹیج پر امریکا کو پیچھے ہٹنا پڑے گا۔

ابھی جو پیش رفت ہوئی ہے ،یہ بڑی اہم ہے ،کیونکہ فیلڈ مارشل تہران گئے تھے ، وہاں سب سے بات کی،میرا خیال یہ ہے کہ وہاں بات یہ ہوئی ہوگی کہ ایک بار پھر موقع دینا چاہئے ایک سیکنڈ میٹنگ کو،اس کیلئے ضروری ہے آبنائے ہرمز کو کھولنا ہوگا،تاکہ بات آگے بڑھے ،فیلڈمارشل کی اس تجویز پر ایران نے آبنائے ہرمز کھول دیا،یہ فیلڈمارشل کی بڑی کامیابی تھی،ایران میں یہ بات ہورہی ہے کہ اب ہمارے ساتھ پھر ہاتھ تو نہیں ہونے والا،ہمیں پھر بلا کر پھر یہ اٹھ کر چلیں جائیں گے ، بہتر یہی ہے جانے سے پہلے کچھ پکی بات کروا لی جائے ،صدر ٹرمپ نے جو ایک اور قدم اٹھا یا ہے اس سے ایران والوں کو مایوسی ہوئی ہوگی،وہ یہ ہے کہ جے ڈی وینس نہیں جائے گا،اب وٹکوف اور کشنر جائیں گے ،اب ایران کو پتاہے ، سارا دنیا جانتی ہے کہ وہ مذاکرات کار نہیں ہیں ،ان کومذاکرات نہیں کرنے آتے ،نہ ہی ان کی یہ جاب ہے ،ان کوپہلے بھی ٹائم پاس کیلئے استعمال کیا گیا، ایران کو شک ہوا ہوگا کہ ٹائم پاس کرنے آرہے ہیں،اس کے پس پردہ امریکا اپنی جنگی تیاری مزید تیز کررہا ہے ،ان کے ارادے نیک نہیں ہیں،امریکا دنیا کو یہ دکھانا چاہتا ہے کہ ہم نے اپنے بندے بھیج دئیے تھے ،ایران مذاکرات کیلئے تیار نہیں ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں