27 ویں ترمیم پر عملدرآمد : اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 ججز کے دوسرے صوبوں میں تبادلے کی تیاریاں

 27 ویں ترمیم پر عملدرآمد : اسلام آباد  ہائیکورٹ کے 5 ججز کے دوسرے صوبوں میں تبادلے کی تیاریاں

جسٹس محسن کیانی ،جسٹس سردار اعجاز اسحاق ،جسٹس بابر ستار بھی شامل ، رضامندی ضروری نہیں، جبری ریٹائر کیا جا سکتا جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 28اپریل کو طلب، 2ججز کا لاہور ،3کابلوچستان،سندھ،خیبر پختونخوا تبادلہ اکثریت کی بنیاد پرکیا جائیگا

لاہور (محمد اشفاق سے )ہائیکورٹس کے ججز کے ان کی مرضی کے بغیر دوسرے صوبوں میں تبادلے سے متعلق آئینی ترمیم پر عملدرآمد شروع ہو گیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5ججز کو دوسرے صوبوں میں ٹرانسفر کرنے کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 28 اپریل کو طلب کر لیا۔ 2 ججز کو لاہور ہائیکورٹ جبکہ باقی3ججز کو بلوچستان ،سندھ اور خیبر پختونخوا میں ٹرانسفر کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کا اجلاس دوپہر ایک بجے اسلام آباد میں ہوگا ،اجلاس کی صدارت چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی بطور چیئرمین جوڈیشل کمیشن کریں گے۔

اجلاس میں کمیشن کے ممبران سمیت تمام صوبوں کی ہائیکورٹس کے چیف جسٹسز صاحبان بھی شرکت کریں گے ، اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی جسٹس، سردار اعجاز اسحاق ،جسٹس بابر ستار سمیت 5 ججز کے نام ٹرانسفر کیلئے زیرغورآئیں گے ،ججز کے تبادلے کے حوالے سے غیر رسمی مشاورت کا عمل مکمل ہو چکا ہے ، کمیشن میں اکثریتی فیصلے کی بنیاد پر ججز کا ٹرانسفر کیا جائے گا ، 27 ویں آئینی ترمیم کے تحت آئین کے آرٹیکل 200 میں ترمیم کر کے ججز کے ٹرانسفر کے لیے ان کی رضامندی کی شق کو ختم کر دیا گیا تھا جس کے بعد اب ہائیکورٹس کے ججز کا ٹرانسفر کے لیے رضامند ہونا ضروری نہیں.

اگر کوئی جج کمیشن کے اجلاس کے بعد ٹرانسفر ہونے کے لیے رضامندی ظاہر نہ کرے تو انہیں جبری ریٹائر بھی کیا جا سکتا ہے ، اس سے قبل ہائیکورٹ کے جج کا ٹرانسفر کے لیے رضامند ہونا ضروری قرار دیا گیا تھا ، 13 نومبر 2025 کو 27 ویں ائینی ترمیم کے تحت آئین کے آرٹیکل 200 میں ترمیم کی گئی تھی جس کے بعد کمیشن کی طویل مشاورت کا سلسلہ جاری رہا اور اب باقاعدہ طور پر اس ترمیم پر عمل درآمد کا فیصلہ کرتے ہوئے ججز کی ٹرانسفر کیلئے 28 اپریل کو اسلام آباد میں اجلاس طلب کر لیا گیا ہے ، پہلے مرحلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ اور اگلے مرحلے میں لاہور ہائیکورٹ کے ججز کو ٹرانسفر کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں