کراچی کے مسائل سے فرار پیپلز پارٹی کی پرانی روایت،حلیم عادل

کراچی کے مسائل سے فرار  پیپلز پارٹی کی پرانی روایت،حلیم عادل

کراچی (این این آئی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے صوبائی وزرا کے ہمراہ ریڈ لائن منصوبے کے دورے پر تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کا کراچی کا حالیہ دورہ عوام سے فرار کی ایک اور واضح مثال ہے۔

وہ شہریوں کا سامنا کرنے کے بجائے پچھلے دروازے سے نکل گئے ، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ سندھ حکومت عوامی مسائل کا سامنا کرنے کی اہلیت نہیں رکھتی، کراچی کے مسائل سے فرار پیپلز پارٹی کی پرانی روایت ہے ۔ شرجیل میمن کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہراہ بھٹو کو تحفہ قرار دینا مضحکہ خیز ہے ، کیا اب سانس لینا بھی پیپلز پارٹی کا احسان ہے ؟ انہوں نے مزید کہا کراچی کے عوام کو بنیادی سہولتیں بھی میسر نہیں جبکہ حکومت کے دعوے صرف کاغذوں تک محدود ہیں۔ریڈ لائن منصوبہ آٹھ سال سے التوا کا شکار ہے ، جس کی ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔

وزیراعلیٰ اپنی نااہلی چھپانے کے لیے دوسروں پر الزام ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبے سست روی کا شکار ہیں جو سندھ حکومت کی مکمل ناکامی کو ظاہر کرتے ہیں۔ حلیم عادل نے سوال اٹھایا کہ وزیراعلیٰ اتنے سال کہاں تھے اور کراچی کو کیوں مسلسل نظرانداز کیا؟ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے کراچی کو کھنڈر بنا دیا ہے اور اب نمائشی دوروں سے عوام کو مزید دھوکہ نہیں دیا جا سکتا، عوام پانی، بجلی اور ٹرانسپورٹ جیسی بنیادی سہولتوں کے لیے ترس رہے ہیں جبکہ حکومت صرف خواب بیچنے میں مصروف ہے ، پیپلز پارٹی کی حکومت صرف دعووں اور اشتہارات تک محدود ہو چکی ہے اور کراچی کے عوام کو ریلیف کے بجائے مسلسل دھوکہ دیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا جب دیگر اداروں نے ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا تو پیپلز پارٹی کریڈٹ لینے میدان میں آگئی، یہ کوئی ’’نانا جی کی فاتحہ حلوائی کی دکان‘‘نہیں کہ جب چاہا کریڈٹ لے لیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں