مجھے عالم لوہار کا بیٹا ہونے پر فخر ہے : عارف لوہار
معروف پنجابی فوک گلوکار عارف لوہار نے اپنے والد عالم لوہار کی وراثت، کامیابی اور ان سے اپنی گہری محبت کے حوالے سے ایک یوٹیوب پوڈکاسٹ میں نے کہا کہ فوک موسیقی ایک فطری چیز ہے جو خودبخود پنجاب کی مٹی سے جنم لیتی ہے۔
میرے والد عالم لوہار ایک چھوٹے سے گاؤں سے تعلق رکھتے تھے اور گانے کا شوق انہیں فطری طور پر ملا تھا، کچھ لوگ دنیا میں اپنی ایک پہچان چھوڑنے آتے ہیں اور میرے والد بھی انہی میں شامل تھے ، میرے لیے یہ ایک اعزاز ہے کہ میں ایسے عظیم فنکار کا بیٹا ہوں ۔ مجھے ناصرف اپنے والد پر فخر ہے بلکہ پاکستانی ہونے پر بھی فخر محسوس ہوتا ہے ، میرے والد ہمیشہ یہ نصیحت کرتے تھے کہ کسی کا دل جان بوجھ کر نہ دکھایا جائے ۔انہوں نے اپنے خاندانی پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ میرے خاندان میں زیادہ تر افراد ڈاکٹر ہیں، جن میں میرے بھائی اور بھتیجیاں شامل ہیں، جبکہ ایک بھائی انجینئر بھی ہے اور وہ سب لندن میں مقیم ہیں، لیکن میرا راستہ مختلف تھا کیونکہ مجھے اپنے والد سے بے حد محبت تھی اور میں ہمیشہ ان کے ساتھ رہنا چاہتا تھا۔ آج بھی میں اپنے والد کی یادوں کے ساتھ جیتا ہوں اور جب لوگ مجھے عالم لوہار کا بیٹا کہہ کر پکارتے ہیں تو مجھے خوشی محسوس ہوتی ہے۔