کمالیہ : مبینہ پولیس مقابلہ، ڈکیت و منشیات فروش ہلاک
قاسم عرف کاشی شاہ ساتھیوں کی فائرنگ سے مار اگیا،ساتھی فرار ہوگئے
ٹو بہ ٹیک سنگھ،کمالیہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نمائندہ دنیا)کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے میں خطرناک ملزم ہلاک ہو گیا جبکہ اسکے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ذرائع کے مطابق گزشتہ شب کمالیہ کے قریب ابن شاہ پل کے مقام پر سی سی ڈی ٹیم نے مشکوک ملزموں کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی میں ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گیا،جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جسکی شناخت قاسم علی عرف کاشی شاہ سکنہ چک نمبر 715 گ ب کمالیہ کے طور پر ہوئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم خطرناک ڈکیت اور منشیات فروش تھا اور متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا،ملزم سے 30 بور پستول بھی برآمد ہوا ،فرار ہونے والے ملزموں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔