رکن پنجاب اسمبلی ایوب گادھی قاتلانہ حملے میں زخمی ،4افراد جاں بحق

رکن  پنجاب  اسمبلی  ایوب  گادھی  قاتلانہ  حملے  میں  زخمی ،4افراد  جاں  بحق

سابق صوبائی وزیر کرنل (ر)سردار ایوب رجانہ میں ڈیرہ پر بیٹھے تھے ،موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی ضیغم عباس،حق نواز ، ندیم بھٹی ، خالق داد دم توڑ گئے ،سردار ایوب ،شہباز اور دیگر ہسپتال داخل، آئی جی کا نوٹس

رجانہ،ٹوبہ ٹیک سنگھ (نمائندہ دنیا، دنیا نیوز )ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقہ رجانہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سابق صوبائی وزیرایم پی اے کرنل (ر)سردار محمد ایوب خان گادھی سمیت 4 افراد شدید زخمی ،4 افراد جاں بحق ہو گئے ۔بتایا گیا ہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقہ رجانہ میں رکن صو بائی اسمبلی کرنل (ر )سردار ایوب خان گادھی ایڈووکیٹ آبائی  گائوں چک نمبر184گ ب میں اپنے ڈیرہ پر دوست احباب اور ملازمین کے ہمراہ موجود تھے ،اس دوران ہیلمٹ پہنے موٹر سائیکل سوار نامعلوم افراد نے وہاں آکر اچانک ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی ،جس کی زد میں آکر سردار ایوب گادھی سمیت متعدد افراد شدید زخمی ہو گئے ۔اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور انہوں نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ منتقل کر دیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چک نمبر184گ ب کا رہائشی ضیغم عباس،حق نواز ،محمد ندیم بھٹی اور خالق داد دم توڑ گئے جبکہ سردار ایوب گادھی ،ریاض معشوق،شہباز اور دیگر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔ذرائع کے مطابق کرنل (ر)سردار محمد ایوب خان گادھی کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا تی ہے ۔وقوعہ کے بعد ڈسٹر کٹ پولیس آفیسر اخلاق اللہ تارڑ اور دیگر پولیس افسر موقع پر پہنچ گئے ۔آئی جی پنجاب پولیس عبد الکریم نے ایوب خان گادھی پر قاتلانہ حملے کا نوٹس لے کر آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی اورملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کر دی ہے ،جس کے بعد سینئر پولیس افسر وں کی سر براہی میں مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقع سابقہ رنجش کا شاخسانہ ہے ،ایم پی اے ایوب خان گادھی کے دیرینہ مخالفین وقوعہ میں ملوث ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں