ڈھاکاٹیسٹ پاکستان 386 رنز پر ڈھیراذان اویس کی سنچری
میزبان ٹیم کے 27رنز کی برتری ،خراب روشنی کے باعث کھیل قبل از وقت ختم ، بنگلا دیش کے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان 7رنز تیسرے روز پاکستان نے 179رنز 1وکٹ پر اننگز کا آغاز کیا ،عبداللہ فضل ،رضوان اور سلمان آغا کی نصف سنچریاں،مہدی حسن کے 5شکار
ڈھاکا(سپورٹس ڈیسک)بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں کھیل کے تیسرے روز پاکستان ٹیم 386 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جبکہ میزبان ٹیم 27 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہی، قومی ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے اوپنر اذان اویس نے پہلی ٹیسٹ سنچری بنائی۔خراب روشنی کے باعث کھیل قبل از وقت ختم کر دیا گیا، بنگلا دیش نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان 7 رنز بنا لیے ۔ تیسرے روز پاکستان نے 179 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر اننگز کا آغاز کیا لیکن 210 کے مجموعی سکور پر اوپنر اذان اویس 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔
اوپنر کی وکٹ گرتے ہی قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن لڑ کھڑا گئی۔ تیسری وکٹ کپتان شان مسعود کی 226 رنز، چوتھی وکٹ سعود شکیل کی 227 رنز اور پانچویں وکٹ عبداللہ فضل کی 230 رنز پر گری۔ عبداللہ فضل 60 رنز، شان مسعود 9 رنز اور سعود شکل صفر پر آؤٹ ہوئے ۔میزبان ٹیم کے خلاف 227 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد سلمان علی آغا اور محمد رضوان نے ٹیم کا سہارا دیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چھٹی وکٹ کی شراکت میں 119 رنز بنے ، 349 رنز کے سکور پر محمد رضوان 59 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے ۔
بارش کے سبب کھیل کافی دیر رکا رہا، کھیل دوبارہ شروع ہوا تو 353 کے مجموعی سکور پر سلمان علی آغا 58 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ اس کے بعد آنے کھلاڑیوں میں شاہین شاہ آفریدی نے 13، نعمان علی نے 2 اور حسن علی نے 6 رنز بنائے ۔ بنگلا دیش کی جانب سے مہدی حسن نے 102 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔