190 ملین پاؤنڈ کیس:عمران اور اہلیہ کے وکلا کو20مئی کی حتمی مہلت
اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے) 190ملین پاؤنڈ کیس کی اپیلوں میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکلا کو 20 مئی کو دلائل دینے کی حتمی مہلت دے دی اور قرار دیا ہے۔
کہ امید ہے فریقین جان بوجھ کر سماعت سے غیر حاضر نہیں ہوں گے اور نہ ہی غیر ضروری التوا کی درخواستیں دی جائیں گی۔چیف جسٹس سردارسرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا۔ حکم میں کہا گیا کہ سلمان صفدر نے بانی اور بشریٰ بی بی سے ہدایات لینے کے لیے التوا کی درخواست دی، جس کی نیب نے مخالفت کی۔عدالت نے قرار دیا کہ گزشتہ سماعت پر فریقین کو حاضری یقینی بنانے اور اپیلوں پر دلائل دینے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم دلائل کے بجائے کمزور وجوہات کی بنیاد پر التوا کی درخواست دائر کی گئی۔ مرکزی اپیلیں خود سلمان صفدر کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔عدالت نے کیس کی حساسیت اور اہمیت کے پیش نظر آخری اور حتمی مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی کہ سلمان صفدر تمام ضروری اقدامات مکمل کریں اور آئندہ سماعت 20 مئی کو اپیلوں پر لازمی دلائل پیش کیے جائیں۔