امریکی تحویل سے 11 پاکستانی 20 ایرانی شہریوں کی واپسی میں کامیا ب ہوگئے :اسحاق ڈار
اسلام آباد (وقائع نگار، مانیٹرنگ ڈیسک )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ الحمدللہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ امریکہ کی جانب سے بین الاقوامی سمندری حدود میں تحویل میں لئے گئے۔
جہازوں پر موجود 11 پاکستانی شہریوں اور برادر ملک ایران کے 20 شہریوں کی سنگاپور کے ذریعے کامیاب وطن واپسی ممکن بنائی گئی ، بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستانیوں کی فلاح و بہبود خصوصاً مشکل میں پھنسے شہریوں کی مدد حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سنگاپور کے وزیراعظم، حکومت اور وزیر خارجہ کے تعاون اور مسلسل رابطے پر انکا شکریہ ادا کرتے ہیں، ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا پاکستانی کوششوں پر اعتماد قابل قدر ہے ، ایرانی بھائیوں کی واپسی میں تعاون جاری رکھیں گے ۔ امریکی وزیر خارجہ کا 31 پاکستانی و ایرانی شہریوں کی واپسی میں قریبی تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومتِ تھائی لینڈ کا بنکاک کے ذریعے ٹرانزٹ سہولت فراہم کرنے پر بھی مشکور ہیں، پاکستانی اور ایرانی شہریوں کی واپسی سنگاپور کے تعاون سے ممکن ہوئی ، تمام افراد محفوظ اور خیریت سے وطن واپسی کے سفر پر گامزن ہیں ۔