ایشیا کا مستقبل مضبوط روابط،تعاون سے وابستہ ، چیئرمین سینیٹ

 ایشیا کا مستقبل مضبوط روابط،تعاون سے وابستہ ، چیئرمین سینیٹ

پاکستان اور بنگلہ دیش مشترکہ تاریخ، ثقافت سے جڑے ہوئے ہیں ،تقریب سے خطاب یوسف رضا کی بنگلہ دیشی وفد کو پارلیمانی تربیت، ڈیجیٹل گورننس اور پالیسی تعاون کی پیشکش

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جنوبی ایشیا کا مستقبل تعمیری روابط، باہمی احترام اور عوامی سطح پر مضبوط تعلقات سے وابستہ ہے ۔پاکستان اور بنگلہ دیش مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہبی ہم آہنگی سے جڑے ہوئے ہیں ،دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے راستے کھل رہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار بنگلہ دیش سول سروسز وفد کے لیے سول سروسز اکیڈمی اور نیشنل سکول آف پبلک پالیسی کے زیر اہتمام منعقدہ ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیئرمین سینیٹ نے بنگلہ دیشی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام دونوں برادر ممالک کے درمیان پانچ دہائیوں بعد ادارہ جاتی روابط کی بحالی اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کی اہم کوشش ہے ۔ چیئر مین سینیٹ نے بنگلہ دیشی وفد کو پارلیمانی تربیت، ڈیجیٹل گورننس اور پالیسی تعاون کی پیشکش کی اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی امور، سول سروس تربیت، قانون سازی کے تحقیقی شعبوں، ڈیجیٹل گورننس اور عوامی پالیسی میں ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں