11 مبینہ مقابلے ، 4 ملزم ہلاک، 7 زخمی حالت میں گرفتار
منشیات فروش یاسین مارا گیا ،2ساتھی،خاتون فرار ،چک جھمرہ میں رحمن ہلاک رجانہ روڈ پرعلی رضا ،رحیم یار خان میں ڈاکو ہلاک،،مرید والا میں محمد خان گرفتار
فیصل آباد ، سمندری،گوجرانوالہ،کامونکے ( نمائندگان دنیا) مختلف تھانوں کی حدود میں 11 مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران منشیات فروشی، ڈکیتی اور رہزنی سمیت سنگین جرائم میں ملوث4ملزمان ہلاک جبکہ 7 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ اس دوران خاتون سمیت 17 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔تھانہ جھنگ بازار پولیس نے ماہیے شاہ قبرستان کے قریب منشیات فروشوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا، جس پر ملزمان نےفائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں یاسین مارا گیا، اس کے دو ساتھی اور ایک خاتون فرار ہو گئے ۔تھانہ چک جھمرہ کے علاقے فلاہی موڑ کے قریب پولیس اور موٹر سائیکل سوار ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک ہوا، جس کی شناخت رحمان شہزاد کے نام سے ہوئی ، تین ساتھی فرار ہو گئے ۔تھانہ سٹی سمندری کے علاقے رجانہ روڈ کے قریب علی رضا نامی ملزم ہلاک ہو گیا، تھانہ ملت ٹاؤن کے علاقے میں پولیس فائرنگ کے تبادلے کے دوران فلک شیر زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ دیگر ملزم فرار ہو گئے ۔ تھانہ ستیانہ کے علاقے جگت پور پل کے قریب پولیس مقابلے میں عاشق علی زخمی ہوا جبکہ چار ملزمان فرار ہو گئے ۔ تھانہ صدر تاندلیانوالہ کے علاقے میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران اعجاز عرف ججی زخمی ہوا جبکہ دو ملزمان فرار ہو گئے ۔
تھانہ مرید والا کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران محمد خان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ گوجرانوالہ میں تھانہ سبزی منڈی کے علاقہ میں ندیم عرف ککو نے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ،تھانہ صدر کامونکی کے علاقہ میں قتل اور رہزنی کے مقدمات میں مطلوب ریکارڈ یافتہ ملزم شاہ زیب دوران ریڈ گرفتاری سے بچنے کے لیے فرار ہونے کی کوشش میں زخمی ہو گیا، جسے پولیس نے گرفتار کر کے اس سے ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا۔ تھانہ صدر گوجرانوالہ کے علاقہ میں چوری کے درجنوں مقدمات میں مطلوب ریکارڈ یافتہ ملزم سجاول نے دوران ریڈ پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، رحیم یار خان کے علاقے گنداکھوہ مرید خان سرائی روڈ پر پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہوگئے ۔