ای سی سی:سیف سٹی اسلام آباد 188کروڑ،پی ایس او کیلئے 100ارب رننگ فنانس منظور
پائیدار ترقیاتی اہداف پروگرام کیلئے 7 ارب ، نیوی کے ہنگور منصوبے کیلئے 10 ارب 15 کروڑ کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری اسلام آباد امن مذاکرات سکیورٹی کیلئے 69کروڑ منظور، وزارت تجارت، قانون ، اے جی پی آر ملازمین بھی بجٹ اعزازیہ میں شامل
اسلام آباد(مدثرعلی رانا)وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے پروگرام کیلئے 7 ارب 2 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی۔ وزارت دفاع کی جانب سے پاکستان نیوی کے ہنگور منصوبے کیلئے رافیل ایئرکرافٹ اینڈ فورس ڈویلپمنٹ پیکیج 2030 کے تحت 10 ارب 15 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔کمیٹی نے پٹرولیم ڈویژن کی دو سمریوں کی منظوری دیتے ہوئے پاکستان سٹیٹ آئل کیلئے 100 ارب روپے کی حد تک سنڈیکیٹڈ رننگ فنانس سہولت اور پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 کے تحت سائنرجیکو پی کے لمیٹڈ کے ساتھ ڈیڈ آف سیٹلمنٹ سے متعلق نظرثانی شدہ فریم ورک کی منظوری دی۔ ای سی سی نے بجٹ اعزازیہ پالیسی کی بھی منظوری دی اور اس کیلئے وزارت تجارت، وزارت قانون و انصاف اور آفس آف اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو کو شامل کرنے کی اجازت دی گئی۔
وزارت داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول کی جانب سے پیش کی گئی سات سمریوں کی منظوری دی گئی جن میں اسلام آباد امن مذاکرات کے دوران سکیورٹی انتظامات کیلئے 69 کروڑ روپے ، امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ ترلائی اسلام آباد میں خودکش دھماکے سے متعلق معاوضاتی اخراجات کیلئے 24 کروڑ روپے ، پاکستان لینڈ پورٹس اتھارٹی کی آپریشنل ضروریات کیلئے 53 کروڑ روپے ، پاکستان کوسٹ گارڈز کیلئے فاسٹ پیٹرول بوٹس اور متعلقہ انفراسٹرکچر کی خریداری کیلئے 80 کروڑ روپے ، سیف سٹی اسلام آباد توسیعی منصوبے کیلئے 1 ارب 88 کروڑ سے زائد، نیکٹا کی آپریشنل ضروریات کیلئے 15 کروڑ اور ریکوڈک منصوبے سے متعلق سکیورٹی چارجز کیلئے ساڑھے 41 کروڑ روپے شامل ہیں۔ای سی سی نے اسلام آباد امن مذاکرات کے کامیاب انعقاد کو سراہتے ہوئے تمام متعلقہ فریقین کی کاوشوں کی تعریف کی اور اسلام آباد پیس ٹاکس کے سکیورٹی انتظامات کیلئے 69 کروڑ 29 لاکھ روپے کی منظوری دی۔ اجلاس میں وزارت اطلاعات و نشریات کی سمری پر غور کرتے ہوئے پی ٹی وی کو جون 2026 کی تنخواہوں کی ادائیگی کیلئے 73 کروڑ 30 لاکھ جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے گلگت بلتستان کے ضلع شیگار میں ٹیلی کام سائٹس اور ٹیلیفون ٹاورز کی تنصیب کیلئے سپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن کے حق میں 18 کروڑ 35 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ وزارت پارلیمانی امور کی سمری کی منظوری دیتے ہوئے مالی سال 2025-26 کے دوران پارلیمانی سیکر ٹریز کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں نظرثانی کے نتیجے میں ملازمین سے متعلق اخراجات پورے کرنے کیلئے 12 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی۔ا
ی سی سی نے وزارت ہاؤسنگ و ورکس کی دو سمریوں کی منظوری دیتے ہوئے پاکستان انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے کرنٹ اکاؤنٹ میں ترقیاتی فنڈز منتقل کرنے کی اجازت دی جن میں کراچی اور حیدرآباد اربن انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ پیکیجز کیلئے 8 ارب 76 کروڑ روپے اور خیبرپختونخوا کیلئے ایس اے پی کے تحت 2 ارب 84 کروڑ روپے شامل ہیں۔کمیٹی نے فنانس ڈویژن کی تین سمریوں پر غور کرتے ہوئے پاکستان منٹ کی اپ گریڈیشن منصوبے کیلئے 1 ارب 30 کروڑ روپے اور حکومت گلگت بلتستان کے موجودہ اخراجات اور ترجیحی اقدامات کیلئے 4 ارب 37 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی۔ اجلاس میں وزارت تجارت کی جانب سے مالی سال 2025-26 کیلئے آئی پی او پاکستان کے بجٹ تخمینوں کی منظوری بھی دی گئی جس کے تحت ساڑھے 91 کروڑ روپے کے اخراجات اور 92 کروڑ روپے کی متوقع آمدن کا تخمینہ شامل ہے ۔ای سی سی نے وزارت بحری امور کی جانب سے اینگرو ووپک ٹرمینل لمیٹڈ کی آپریشنل سرگرمیوں کے تسلسل سے متعلق سمری کی بھی منظوری دی۔ ایجنڈے کے علاوہ اقتصادی امور ڈویژن کی جانب سے رہائشی رہائش گاہوں کے کرایوں کی ادائیگی کیلئے 3 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ ای سی سی نے وزارت داخلہ و انسداد منشیات کی سمری پر پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کی جامع مسجد کی توسیع اور اپ گریڈیشن کیلئے 3 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ بھی منظور کی۔